ناندیڑ: قدوائی نگر میں مزدور کا بہیمانہ قتل، علاقہ میں خوف و ہراس

ناندیڑ 19؍ جولائی: ناندیڑ شہر کے قدوائی نگر علاقے میں آج صبح ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جس نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ نامعلوم افراد نے 55 سالہ مزدور شیخ عظیم پر حملہ کرکے انہیں بے دردی سے قتل کر دیا۔
موصولہ ابتدائی معلومات کے مطابق، شیخ عظیم روزانہ کی بنیاد پر مزدوری کرتے ہوئے اپنے اہلِ خانہ کا پیٹ پالتے تھے۔ معمول کے مطابق وہ آج صبح بھی کام کے لیے گھر سے نکلے تھے، تاہم کچھ ہی دیر بعد ان کے اہل خانہ کو ان کے قتل کی افسوسناک اطلاع موصول ہوئی۔
واردات کی خبر ملتے ہی مقامی پولیس حرکت میں آ گئی۔ اتوارہ زون کے ڈی وائی ایس پی سشیل کمار نائیک، دیہی پولیس تھانے کے انسپکٹر اومکانت چنچولیکر اور دیگر اعلیٰ افسران فوری طور پر موقع واردات پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ پولیس نے جائے واردات پر پنچنامہ مکمل کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
اس دلخراش واقعے کے بعد مقتول کے گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی ہے۔ فی الوقت قتل کی وجوہات واضح نہیں ہو سکیں، تاہم پولیس تمام ممکنہ زاویوں سے گہرائی کے ساتھ تفتیش کر رہی ہے۔ جائے واردات کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی کھنگالی جا رہی ہے تاکہ ملزمان تک پہنچا جا سکے۔