مہاراشٹرا
خواتین کی عزت پر حملہ برداشت نہیں! رکن پارلیمنٹ اقرا حسن کی توہین پر "ایکتا کی شیرنیوں” کا احتجاجی للکار

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
ملکی آئین، جمہوری اقدار اور خواتین کی عزت و وقار کے تحفظ کے لیے جَگاؤں ضلع ایکتا سنگھٹنا کی خواتین نے بلند آواز میں احتجاج درج کراتے ہوئے اپنی غیرت و حمیت کا مظاہرہ کیا۔ کرنی سینا کے قومی نائب صدر یوگندر رانا کی جانب سے رکنِ پارلیمنٹ اقرا حسن کے خلاف کی گئی نازیبا،
غیر مہذب اور خواتین مخالف بیان بازی پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔

احتجاجی مکتوب ایڈیشنل مجسٹریٹ و آر ڈی سی محترمہ جےشری مالی کے توسط سے صدر جمہوریہ، اسپیکر لوک سبھا، قومی انسانی حقوق کمیشن اور قومی خواتین کمیشن کو پیش کیا گیا، جس میں یوگندر رانا کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور عوام سے معافی کا مطالبہ کیا گیا۔مکتوب میں واضح طور پر کہا گیا کہ ایک خاتون رکنِ پارلیمنٹ کے خلاف اس قسم کے ناشائستہ الفاظ صرف ان کی ذاتی توہین نہیں، بلکہ یہ ملک کی جمہوریت، آئین اور خواتین کی عزت پر براہِ راست حملہ ہے۔ ایسی ذہنیت معاشرے میں خواتین کے خلاف نفرت کو فروغ دیتی ہے اور ان کی سیاسی و عوامی شرکت کو محدود کرنے کی سازش ہے۔
شیرنیوں نے کی سخت مذمت، رانا کی تصویر پر پاؤں رکھ کر کیا علامتی احتجاج۔ایکتا سنگھٹنا کی باہمت خواتین نازیہ اعجاز، شبینہ حارث، روبینہ اختر، سکینہ اسماعیل، یاسمین امر اللہ، روبینہ اقبال، شکیلہ شہاب الدین اور شاہین فاروق شیخ نے یوگندر رانا کی تصویر کو پاؤں تلے روند کر اور اس پر تھوک کر اپنے شدید غصے اور عوامی ناراضی کا اظہار کیا۔اس موقع پر تنظیم کے سرکردہ افراد مفتی خالد، فاروق شیخ، حافظ عبدالرحیم پٹیل، متین پٹیل، انیس شاہ، ندیم ملک، انور خان، یوسف خان، آصف دیشمکھ، نجم الدین شیخ، عمران شیخ، سعید شیخ، قاسم شیخ اور ارباز پٹھان پالدھی سمیت متعدد کارکنان اور شہری موجود تھے۔ا،کتا سنگھٹنا کے کوآرڈینیٹر فاروق شیخ نے سخت لہجے میں وارننگ دی کہ اگر جلد کارروائی نہ کی گئی تو عوامی تحریک شروع کی جائے گی، جو خواتین کی عزت کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جا سکتی ہے۔
> "خاتون کا احترام قوم کی پہچان۔۔
توہین نہ ہواس کی، یہ ہے ہماری جان!”۔