ایجوکشن

نوجوانی, نکھار کا وقت، بربادی کا نہیں SIO جلگاؤں کے زیراہتمام بصیرت افروز لیکچر

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) جلگاؤں سٹی یونٹ کے زیر اہتمام "نوجوانوں کے مسائل اور ان کے حل” کے عنوان سے ایک مؤثر، بامقصد اور بصیرت افروز لیکچر کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں نوجوانوں کو درپیش نفسیاتی، اخلاقی، سماجی و تعلیمی چیلنجز پر نہایت سلیقے اور سنجیدگی سے گفتگو کی گئی۔

مہمان مقرر، ملکاپور سے تعلق رکھنے والے معروف موٹیویشنل اسپیکر، ماہر نفسیات اور ایس آئی او کے سابق ریاستی سیکریٹری ڈاکٹر عمیر محسن نے اپنے جامع خطاب میں موجودہ نسل کے فکری، جذباتی اور اخلاقی بحرانوں کو سامنے رکھتے ہوئے نہایت موثر انداز میں راہنمائی کی۔
ڈاکٹر عمیر نے کہا کہ "نوجوانی کا دور زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے، یہ وقت برباد کرنے کے لیے نہیں، بلکہ شخصیت سنوارنے کے لیے ہے۔ آج کے فیصلے ہی فرد کے کل کا تعین کرتے ہیں۔”انہوں نے نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے جنسی خیالات، فحش مواد تک آسان رسائی، اخلاقی گراوٹ، منشیات، سگریٹ، گٹکا، ڈیجیٹل اڈکشن اور برے تعلقات جیسے خطرناک رجحانات پر گفتگو کرتے ہوئے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ان مسائل کا حل پیش کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان وقتی لذتوں سے گریز کرتے ہوئے اپنی سوچ، کردار اور کیریئر کی تعمیر پر توجہ مرکوز رکھیں۔

شرکائے پروگرام میں جلگاؤں کے معروف اینگلو اردو جونیئر کالج کے طلبہ و طالبات بڑی تعداد میں موجود تھے، جنہوں نے آخر میں اپنے سوالات پیش کیے۔ ڈاکٹر موصوف نے سوالات کے جوابات بصیرت، خلوص اور رہنمائی سے بھرپور انداز میں دیے، جس سے طلبہ کو ذہنی سکون اور فکری سمت ملی۔یہ علمی نشست نہ صرف نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوئی بلکہ ان کے دل و دماغ پر ایک مثبت اور دیرپا اثر بھی چھوڑ گئی۔ SIO جلگاؤں سٹی یونٹ کی یہ کاوش دراصل اس کی اُس ہمہ جہت مہم کا حصہ ہے جس کے تحت نوجوانوں کی فکری و اخلاقی تربیت، تعلیمی رہنمائی، اور معاشرتی شعور کی بیداری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
اختتامیہ میں یہی پیغام گونجتا رہا "نوجوانی وہ وقت ہے، جو ایک طرف اگر بگڑ جائے تو تباہی، اور اگر سنور جائے تو عروج کی ضمانت بن سکتا ہے۔”

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!