ایجوکشن

پیڑ لگاؤ زمین میں حکم ہے یہ دین میں ذاکر نگر نیو فرینڈس کالونی کے پارک میں سی آئی او کی شجر کاری مہم

ملک گیر شجر کاری مہم کے تحت سی آئی او ذاکر نگر یونٹ، دہلی کی جانب سے، ذاکر نگر اور نیو فرینڈس کالونی کے درمیان واقع ایم سی ڈی پارک میں شجر کاری کا ایک بڑاپروگرام منعقد کیا گیا۔شعبہ خواتین کی نگرانی میں سی آئی او کے بچے، جن کی تعداد چالیس سے پچاس کے درمیان تھی جماعت اسلامی کے مقامی دفتر ، نزد مسجد التقویٰ سے پیدل مارچ کرتے ہوئے پورا ذاکر نگر پار کر کے نیو فرینڈس کالونی میں پارک تک پہنچے۔ایس آئی او کے نوجوان آگے آگے ان بچوں کے لئے راستہ بنا رہے تھے۔بچوں نے اپنے ہاتھوں میں ماحولیاتی شعور بیدار کرنے والے پلے کارڈز اٹھارکھے تھےاورجوشیلے نعرے لگا رہے تھے۔سفید مخصوص یونیفارم میں بچوں کی زبان سے ’’ پیڑ لگاؤماحول بچاؤ‘‘، ’’مٹی میں ہاتھ دل وطن کے ساتھ‘‘ ،’’پیڑ لگاؤ زمین میں حکم ہے یہ دین میں‘‘ جیسے نعروں نے ہر گزرنے والے کی توجہ اپنی طرف مبذول کر لی۔

بچے جب پارک میں پہنچ گئے ، تو انہیں قطار در قطار بٹھایا گیااور شجرکاری کے عمل سے پہلے ایک پروگرام منعقد کیا گیا، جس کی نظامت جی آئی او (GIO) کی علیزہ خان نے کی۔ پروگرام کا آغاز جویریہ ایاز کی تلاوتِ قرآن سے ہوا۔ اس کے بعد سی آئی او کے بچوں عرشان آصف اور انیکہ نے درخت لگانے کی اہمیت پر پرجوش تقاریر کیں۔ بچوں نے شجر کاری مہم کا ترانہ بھی پیش کیا۔
اس پروگرام میں جماعت اسلامی ہند کی دعوت پر کئی معزز مہمانوں نے شرکت کی۔سدبھاونا گروپ این ایف سی ذاکر نگر کے چیئر مین ڈاکٹر نیرج بھلا نے بچوں کی حوصلہ افزائی کی ، ماحولیات کے تحفظ کے لئے ان کی پہل کو سراہا اور مستقبل کے معمار کی حیثیت سے ان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔سوشل ورکر محترمہ کرن سرین، جناب یوسف محمد اور ایف ایف سی آر ڈبلیو کے صدر جناب آصف کمال نے بھی بچوں کی کوششوں کو سراہااور کہا کہ پودے لگا دینا ہی کا فی نہیں ہے ، ہمیں ان کی حفاظت کی ذمہ داری بھی لینی ہوگی۔
بعد ازاں، مہمانوں نے بچوں کے ساتھ مل کر تقریباً 20 پودے لگائے۔شجر کاری کی اس مہم میں ذاکر نگر کے جناب کمال احمد اور عتیق الرحمٰن صدیقی بھی پیش پیش رہے۔آخر میں بچوں میں تواضع تقسیم کی گئی اور پروگرام خوش گوار ماحول میں، جوشیلے نعروں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!