انتخابات میں منصوبہ بندی اور اخلاص کامیابی کی ضمانت ہے: وسیم ساگر دہلی۔
جماعت اسلامی ہند اور ایم ڈی ایف کے اشتراک سے مسلم سیاسی بیداری کے لیے جلگاؤں میں خصوصی نشست۔

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
جلگاؤں میونسپل کارپوریشن کے آئندہ عام انتخابات میں مسلم نمائندگی کے فیصد کو بڑھانے اور انتخابی عمل میں منصوبہ بندی کے ساتھ بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے جماعت اسلامی ہند جلگاؤں اور ایم ڈی ایف مہاراشٹر کے باہمی اشتراک سے ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد ملت ہائی اسکول مہرون کے ہال میں کیا گیا۔نشست کا مقصد مسلمانوں میں سیاسی بیداری پیدا کرنا اور وارڈ رچنا، الیکشن پالیسی اور کامیابی کی حکمت عملی جیسے تکنیکی امور پر رہنمائی فراہم کرنا تھا تاکہ مسلم کونسلروں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کارپوریشن میں پہنچ سکے۔پروگرام کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد جماعت اسلامی ہند جلگاؤں کے امیر مقامی شیخ عبداللہ نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ مہمان خصوصی دہلی کے معروف سیاسی تجزیہ کار اور وارڈ رچنا کے ماہر وسیم ساگر نے جامع انداز میں انتخابی عمل، وارڈ کی حد بندیاں، مسلم ووٹ بینک کی تقسیم، اور کامیابی کی تکنیکی حکمت عملیوں پر تفصیلی گفتگو کی۔
وسیم ساگر نے اپنے خطاب میں بتایا کہ بھارت میں مسلمانوں کی سیاسی نمائندگی کس طرح کمزور ہے اور اس خلا کو پر کرنے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس موضوع پر اپنی تصنیف شدہ کتاب کا بھی حوالہ دیا، جسے قومی سطح پر سیاسی اور سماجی حلقوں میں پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے سیاسی حقوق کے تحفظ کے لیے منصوبہ بند حکمت عملی اور اخلاص کے ساتھ میدان میں اترنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔پروگرام کے دوران سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکاء نے انتخابی عمل سے متعلق مختلف پہلوؤں پر سوالات کیے جن کے وسیم ساگر نے مدلل اور تشفی بخش جوابات دیے۔اختتامی خطاب میں جماعت اسلامی ضلع جلگاؤں کے ناظم سہیل امیر نے کیا اور اس موقع پر انہوں نے نوجوانوں اور سماجی کارکنان پر زور دیا کہ وہ انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ملت کی مؤثر نمائندگی ممکن ہو۔ پروگرام کی نظامت عارف دیشمکھ نے انجام دی۔اس موقع پر شہر کی مختلف سیاسی پارٹیوں کے نمائندے، سماجی کارکنان، دانشوران اور نوجوانوں سمیت تقریباً 40 افراد نے شرکت کی۔ پروگرام کی کامیابی میں عادل خان، یوسف شیخ اور عطاء الرحمان کی شب و روز کی محنت شامل رہی۔