قومی
جامعہ ہمدر د میں انتظامی تبدیلی کرنل طاہر مصطفیٰ نئے رجسٹرار مقرر

نئی دہلی (نامہ نگار)۔ – جامعہ ہمدر د نے انتظامی استحکام کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے بھارتی فوج کے ممتاز افسر کرنل طاہر مصطفیٰ کو اپنا نیا رجسٹرار مقرر کیا ہے۔ یہ تقرری ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر کی گئی ہے اور یونیورسٹی انتظامیہ نے 26 جولائی کو اس کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا۔
کرنل مصطفیٰ فی الوقت وزارتِ دفاع (بری فوج کے صدر دفتر)Centre for Automated Military Survey (CAMS) میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جہاں انہوں نے اسٹریٹیجک منصوبہ بندی، جیو اسپیشل ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میپنگ کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
وہ اپنی انتظامی مہارت، درستگی اور تکنیکی فہم کے لیے جانے جاتے ہیں۔یہ تقرری ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب جامعہ ہمدر د میں انتظامی اصلاحات کی شدید ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔
امید کی جا رہی ہے کہ کرنل طاہر مصطفیٰ کی قیادت میں جامعہ ہمدر د میں شفافیت، جدت اور ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ ملے گا۔جامعہ کے تعلیمی و انتظامی حلقوں نے اس تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ قومی تعلیمی پالیسی (NEP 2020) اور وِکست بھارت 2047 کے اہداف کی جانب ایک عملی قدم ہے۔ کرنل مصطفیٰ کا عسکری پس منظر اور وسیع انتظامی تجربہ جامعہ کو ایک جامع، قابلِ رسائی اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ اعلیٰ تعلیمی ادارے کے طور پر مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔