ایجوکشن

ملّت میں اسکول پارلیمنٹ الیکشن کا شاندار انعقاد، صنوبر سلیم ٣٥,ویں صدر منتخب

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) طلبہ مستقبل میں ملک ِعزیز کی جمہوری اقدار اور اپنے حقوق و فرائض کو بہتر طور پر سمجھ سکیں، سیاسی بصیرت اور شعورطلبہ میں پیدا ہوں، سیاست کی سمجھ ان میں پروان چڑھے،وہ اپنے ملک کی سیاست میں سرگرم عمل حصہ لینے لائق بنیں تاکہ وہ سیاست اور سیاسی سازشوں کا شکار ہونے سے بچ سکیں اور سیاست کی ساکھ کو بہتر بنانے میں بہترین کردار ادا کرسکیں، اُن میں لیڈرشپ کی صلاحیت پیدا ہوں۔اِن مقاصد کے حصول کے لئے ملّت ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج مہرون جلگاوں میں ابتداء سے ہی طلبہ کے لئے الیکشن کے عین مطابق انتخابات کا انعقاد کرکے انھیں عملی مشق کروائی جاتی ہے۔اِلیکشن کی یہ عملی مشق اسکول کے شروعاتی دورسے ہی اوّلین صدر مدرس محمد رفیق شاہ کی ایماں پر منعقد ہوتی ہے۔ امسال ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں ٣٥ پینتیس ویں اسکول پارلیمنٹ الیکشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے چیف الیکشن کمیشنر کے طور پر معاون مدرس پٹھان وسیم انیس خان نے فرائض ادا کئے، جبکہ ڈپٹی الیکشن کمیشنر سید آصف تھے۔

 

اس میں جماعت پانچویں سے بارہویں کے تقریبا 1400 طلباء و طالبات نے اپنا حقِ رائے دہی ادا کیا جس کا ووٹنگ اوسط 98 فیصد سے زائد رہا۔ جن میں سے 2 فی صد ووٹ مسترد ہوئے۔ الیکشن میں تین پارٹیاں نیشنل گروپ، فلاحی گروپ، عوامی گروپ نام سے بنائی گئیں۔نیشنل گروپ : نشانی ہوائی جہاز، فلاحی گروپ کی نشانی کار اور عوامی گروپ کی نشانی ٹرین رکھی گئی تھی جو نقل و حمل کے ساتھ تیز رفتار ترقی کو ظاہر کرتی ہے۔ طلبہ الیکشن میں کامیاب ہوں اس کے لئے سیاسی داؤ پیچ سیکھانے نیز ان کی مناسب رہنمائی کے لیے تین معاون اساتذہ بطور ہائی کمان (پارٹی صدر)مقرر کئے جاتے ہیں۔ ان میں عتیق اللہ خان (نیشنل گروپ)، عطاء الرحمن شاہ (عوامی گروپ) اور شعیب خان (فلاحی گروپ) نے یہ ذمہ داری ادا کی۔ ان پارٹیوں نے 9 نشستوں پر اپنے 27 امیدواروں کو الیکشن میں مقابلے کے لئے اتارا۔جس میں نیشنل گروپ نے چار نشستوں پر جیت حاصل کی اور فلاحی گروپ نے چار نشستوں پر جبکہ عوامی گروپ نے صرف ایک نشست پر جیت حاصل کی لیکن صدر کا عہدہ حاصل کرکے عوامی گروپ نے بازی مار لی۔ روایت کے مطابق اس الیکشن میں بھی تمام اساتذہ کا تعاون حاصل رہا۔ پولنگ آفیسر، کاؤنٹنگ آفیسر، رزلٹ اناؤنسر جیسی مختلف ذمہ داریاں سبھی اساتذہ نے بحسن و خوبی انجام دیں۔

 

انتخابی کاروائی کے افتتاح کے لئے شہر کے نائب تحصیلدار نوین بھاؤسار (انتخابی شاخ، جلگاؤں) جناب نِتین مالی (انتخابی شاخ، جلگاؤں)، شری ماؤلی (انتخابی شاخ، جلگاؤں)کے علاوہ اسکول انتظامیہ کے صدر محمد رفیق شاہ ،سیکریٹری فرید شیخ ، جوائنٹ سیکریٹری سید عابد علی ،خازن،شیخ ایاز الدین شیخ ،رُکن نثار احمد کھاٹک،رُکن عبدالقیوم شاہ بطور مہمانان موجود تھے۔ افتتاح کے بعد اسکول کی انتظامیہ کی جانب سے آئے ہوئے مہمانان کو قرآن کریم کا مراٹھی ترجمہ نیز اسلامی لٹریچر بطور تحفہ پیش کیا گیا۔ طلباء و طالبات نے اس الیکشن میں فعال حصہ لے کر اپنا حقِ رائے دہی کا عملی تجربہ کیا۔ یہ انتخابات اسکول کی ترقی اور طلبہ کی میں نمائندگی (لیڈر شپ) کی صلاحیت پروان چڑھانے کے حوالے سے بہت اہم ثابت ہوتے ہیں۔ انتخابی نتائج طلباء و طالبات کی سیاسی شعور اور انتخابی جذبہ کی عکاسی ہے۔ اس مکمل سرگرمی میں اسکول کے صدر مدرس حفیظ منیار ، سوپروائزر سید مختار، کی خصوصیرہنمائی حاصل رہی۔ نتائج کا اعلان شیخ زیان احمد اور وسیم حمید نے دلچسپ انداز میں کیا۔تمام کامیاب امیدوار طلبہ کو یومِ جمہوریہ کی تقریب میں مہمانان کے ہاتھوں اپنے عہدہ کی حلف برداری کی جائے گی۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!