(خاندیش) شمالی مہاراشٹر میں پہلی کوہ ست پوڑہ جنگل سفاری کا وزیر گلاب راؤ پاٹل کے ہاتھوں افتتاح۔ حیاتیاتی تنوع، سیاحت اور دیہی معیشت کا نیا سنگ میل۔

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
شمالی مہاراشٹر کے (خاندیش) خطے کو بالآخر وہ اعزاز حاصل ہو گیا جس کا عرصہ دراز سے انتظار تھا۔ ضلع جلگاؤں کے راویر تعلقہ کے پال علاقے میں پہلی ست پوڑہ کوہ جنگل سفاری کا افتتاح ریاستی سرپرست وزیر اور پانی فراہمی کے وزیر گلاب راؤ پاٹل کے ہاتھوں انتہائی جوش و خروش کے ساتھ انجام پایا۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے اسے "قدرتی ورثے کے تحفظ، مقامی روزگار کے مواقع اور ماحول دوست سیاحت کے فروغ کا سنگ میل” قرار دیا۔
جنگل سفاری: صرف تفریح نہیں، ثقافت کا تحفظ بھی
افتتاحی تقریب کے دوران وزیر گلاب راؤ پاٹل نے کہا کہ یہ سفاری محض ایک سیاحتی منصوبہ نہیں بلکہ کوہ ست پوڑہ کی روح اور دیہی ثقافت کا آئینہ دار ہے۔ اس سفاری کے ذریعے نہ صرف مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ جلگاؤں ضلع کے پال علاقے کو بھی سیاحت کے نقشے پر نمایاں مقام حاصل ہوگا۔انہوں نے مقامی نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ہوٹل، ریستوراں اور مقامی ہوم اسٹے کے قیام کے ذریعے خودکفالت کی راہ اختیار کریں اور خاندیش کی ثقافت کو دنیا کے سامنے لائیں۔افتتاحی دن وزیر موصوف بنے پہلے سیاح وزیر گلاب راؤ پاٹل نے خود سفاری کا پہلا ٹکٹ خرید کر دو گاڑیوں کی بکنگ کی اور علاقے کا تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ایم ایل اے امول جاوڑے، ڈپٹی کنزرویٹر آف فاریسٹ ضمیر شیخ، اسسٹنٹ کنزرویٹر آف فاریسٹ سمادھان پاٹل سمیت محکمہ جنگلات کے دیگر افسران موجود تھے۔ افتتاح کے دوران وزیر موصوف نے سفاری کے بنیادی ڈھانچے اور مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے افسران سے تفصیلی جانکاری حاصل کی۔پال کے قدرتی پرکشش مقامات پال ست پوڑہ سفاری سیاحوں کو کئی دلکش اور منفرد مقامات کی سیر کراتی ہے۔
لیک ویو پوائنٹ، ایکو ہٹ پوائنٹ، سن سیٹ پوائنٹ اور ٹائیگر لین جیسے مقامات فطرت کے قریب رہنے والوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ یہ علاقے نہ صرف جنگلی حیات کے مشاہدے کے لیے بہترین ہیں بلکہ فوٹوگرافی، قدرتی مناظر سے لطف اندوزی اور ماحولیاتی بیداری کے حوالے سے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔2.5 کروڑ روپے کی لاگت سے پہلا مرحلہ مکمل کوہ ست پوڑہ جنگل سفاری کا پہلا مرحلہ 2.5 کروڑ روپے کے بجٹ سے مکمل کیا گیا ہے، جس میں داخلی گیٹ، اندرونی سڑکیں، پانچ سفاری گاڑیاں، 18 تربیت یافتہ گائیڈز اور ڈرائیورز شامل ہیں۔ سفاری کے نظم و نسق کی ذمہ داری محکمہ جنگلات کے زیر نگرانی ہے، جبکہ اس منصوبے کے ذریعے مقامی نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار فراہم کیا جائے گا۔”ڈارک اسکائی پارک” کی تجویز بھی پیش۔ایم ایل اے امول جاوڑے نے موقع کی مناسبت سے وزیر گلاب راؤ پاٹل سے علاقے میں ڈارک اسکائی پارک کے قیام کی بھی درخواست کی، تاکہ فطری ماحول میں ماحولیاتی سیاحت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
اختراعی ماڈل ،دیہی ترقی اور فطری تحفظ کا امتزاج۔ست پوڑہ سفاری کا یہ منصوبہ مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش کو قدرتی طور پر جوڑتے ہوئے دیہی ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور مقامی معیشت کے فروغ کا ایک اختراعی ماڈل بن کر ابھرا ہے۔ افتتاحی تقریب کے کو آرڈینیشن کی ذمہ داری رینج آفیسر سوپنل فتانگرے نے انجام دی، جبکہ ڈپٹی کنزرویٹر ضمیر شیخ اور اے سی ایف سمادھان پاٹل نے تفصیلی تعارفی خطابات اور شکریہ ادا کیا۔




