سر سید احمد خاں لائبریری میں یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا گیا

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) جلگاؤں کے مہرون علاقے
واقع سر سید احمد خاں لائبریری میں یومِ آزادی کا پروگرام نہایت جوش و خروش اور قومی ولولہ کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر صدارت سماجی کارکن ڈاکٹر شریف باغبان نے کی۔ آغاز نعمان خان نے قرآن مجید کی تلاوت سے کیا۔ بعد ازاں تمام معزز مہمانوں کا گلدستے پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا گیا۔پروگرام میں خنساء شیخ ادریس، ماہرا ندیم خان، خنساء شیخ جاوید، اریبہ عبدالذاکر، ابوبکر شیخ ادریس اور نعمان آصف ملک جیسے ننھے بچوں نے یومِ آزادی کے موقع پر قومی نغمے بڑے جوش و جذبے سے پیش کیے اور ملک زندہ باد کے نعرے لگا کر سماں باندھ دیا۔مہمانِ خصوصی سلیم انعام دار نے بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے آزادیٔ وطن کے متعلق اہم معلومات فراہم کیں۔
اسی طرح وسیم خان نے بچوں کو نصیحت کی کہ وہ تاریخ سے واقف ہوں اور جنرل نالج حاصل کریں۔آخر میں پروگرام کے صدر ڈاکٹر شریف باغبان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی آزادی ہزاروں جانباز سورماؤں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، جن میں مہاتما گاندھی، اشفاق اللہ خاں، بھگت سنگھ، علما و مجاہدین نے ہنستے ہنستے اپنی جانیں قربان کیں اور انگریزوں سے ملک کو آزاد کرایا۔ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ایسے پروگراموں کے ذریعے نئی نسل کو تاریخ اور قربانیوں سے روشناس کرایا جائے تاکہ وہ آزادی کی حقیقی قدر جان سکیں۔اس موقع پر بچوں کی بہترین قومی نغمہ خوانی پر ان کی خوب ستائش کی گئی اور توقع ظاہر کی گئی کہ مستقبل میں یہ بچے بڑے اسٹیج پر مزید شاندار انداز میں قومی نغمے پیش کریں گے۔
پروگرام کے صدر کے دستِ مبارک سے تمام بچوں کو اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔پروگرام میں معززین میں حاجی یوسف، رزاق خان، مجید شیخ، ، عبدالرؤف غنی شیخ، آصف ملک، ادریس شیخ، شمس الدین شیخ، بابو بھائی، اعجاز کپاٹ والے، حاجی ابراہیم، اجمل خان، جاوید سر، ابرار شیخ، ندیم شیخ، شیخ امیر اور عثمان حاجی یوسف کی خصوصی شرکت رہی۔




