ناندیڑ-ممبئی وندے بھارت ایکسپریس کا افتتاح وزیر اعلیٰ نے دکھائی ہری جھنڈی

ناندیڑ: (اسٹاف رپورٹر)
مرہٹواڑہ کے ریلوے سفر میں آج ایک نیا تاریخی باب رقم ہوا، جب وزیر اعلیٰ جناب دیویندر فڈنویس نے حجور صاحب ناندیڑ ریلوے اسٹیشن سے ’’ناندیڑ – ممبئی چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس وندے بھارت ایکسپریس‘‘ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ مرہٹواڑہ خطے کی پہلی وندے بھارت ایکسپریس ہے جو جنوبی وسطی ریلوے اور وسطی ریلوے کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اس ٹرین کی شروعات سے ناندیڑ اور ممبئی کے درمیان سفر تیز، محفوظ اور آرام دہ ہوگیا ہے۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں رکن پارلیمنٹ اشوکراؤ چوہان، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر اجیت گوپچھڈے، رکن قانون ساز کونسل وکرم کالے، جنوبی وسطی ریلوے کے اپر جنرل منیجر ستیا پرکاش، ناندیڑ کے ڈویژنل ریلوے منیجر پردیپ کاملے، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس شھاجی اومّاپ، ضلع کلکٹر راہل کردیلے، پولیس سپرنٹنڈنٹ ابیناش کمار، گردوارہ لنگر صاحب کے سنت بابا بلوندر سنگھ جی، صحافی اور شہری بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پروگرام میں عوام اور مسافروں میں جوش و خروش کا ماحول تھا۔
وزیر اعلیٰ فڈنویس نے ممبئی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارتی ریلوے ایک نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔ بھارت میں تیار کردہ یہ جدید وندے بھارت ٹرین ترقی یافتہ ممالک کی سہولیات کی عکاس ہے۔ ممبئی سے ناندیڑ تک 610 کلومیٹر کا فاصلہ اب صرف 9 سے 9.30 گھنٹے میں طے ہوگا۔ پہلے جو وندے بھارت صرف جالنہ تک چلتی تھی اب وہ حجور صاحب ناندیڑ تک بڑھا دی گئی ہے۔ اس ٹرین کی گنجائش 500 سے بڑھا کر 1440 مسافر کر دی گئی ہے اور کوچز کی تعداد 8 سے بڑھا کر 20 کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناندیڑ سکھ برادری کا اہم مقدس مقام ہے، اب یہاں آنے والے عقیدت مندوں کو بھی آرام دہ اور تیز رفتار سفر کی سہولت میسر ہوگی۔ مرہٹواڑہ کے عوام کو اس خوشگوار سہولت پر وزیر اعلیٰ نے مبارکباد پیش کی۔
رکن پارلیمنٹ اشوکراؤ چوہان نے کہا کہ وندے بھارت ایکسپریس ترقی یافتہ مہاراشٹر کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ اگر سفر کا وقت مزید کم کیا جائے تو یہ ٹرین سات گھنٹوں میں ممبئی پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناندیڑ ایئرپورٹ کا آغاز اور اس ٹرین کی شروعات دونوں مل کر ناندیڑ کی ترقی اور سیاحت کو نئی رفتار دیں گے۔
رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر اجیت گوپچھڈے نے کہا کہ یہ ٹرین ناندیڑ کے عوام کے لئے انمول تحفہ ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی، ریلوے وزیر اشونی ویشنو اور وزیر اعلیٰ فڈنویس کا شکریہ ادا کیا۔
ایم ایل سی وکرم کالے نے کہا کہ ناندیڑ–ممبئی وندے بھارت ایکسپریس پر سب کو مبارکباد۔ جلد ہی ناندیڑ–بیدر اور ناندیڑ–لاتور ریلوے لائن بھی مکمل ہوگی جس سے ناندیڑ کو پونے سے جوڑنے میں مدد ملے گی۔
قبل ازیں اپر جنرل منیجر ستیا پرکاش نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ یہ ناندیڑ سے ریاستی دارالحکومت ممبئی کو جوڑنے والی پہلی وندے بھارت ایکسپریس ہے، جس سے سفر کا وقت کم ہوگا اور خطے میں تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ڈویژنل ریلوے منیجر پردیپ کاملے نے آخر میں شکریہ ادا کیا۔
یہ ٹرین 610 کلومیٹر کا فاصلہ 9 گھنٹے 25 منٹ میں طے کرے گی۔ اس میں 20 کوچز (2 ایکزیکٹو + 18 چیئر کار) ہیں، جن میں کل 1440 نشستیں ہیں۔ یہ ٹرین سہل شیڈول کے ساتھ ناندیڑ، پربھنی، جالنہ، اورنگ آباد اور دیگر شہروں سے دن کے وقت سفر کرنے کی سہولت دے گی۔ یہ ٹرین ہفتے میں 6 دن چلے گی (بدھ کو ناندیڑ سے اور جمعرات کو ممبئی سے نہیں چلے گی)۔




