جشنِ عید میلاد النبیؐ کے پرمسرت موقع پر ناندیڑ میں عظیم الشان مفت طبی کیمپ، ہزاروں افراد نے استفادہ حاصل کیا

ناندیڑ (نمائندہ) جشنِ عید میلاد النبیؐ کے مبارک موقع پر شہر ناندیڑ میں ایک عظیم الشان مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کرتے ہوئے استفادہ حاصل کیا۔ یہ بامقصد اور انسانیت نواز کیمپ مولانا آزاد و چارمنچ ناندیڑ وسمست میمن جماعت سیوا بھاوی سنستھا، ناندیڑ اور محمد طیب باغبان (سنار) متر منڈل کے باہمی اشتراک سے کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔
یہ کیمپ میمن فنکشن ہال، قیوم پلاٹ، ناندیڑ میں صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہا۔ پروگرام کا آغاز معزز عالمِ دین مولانا سعد عبداللہ کی دعا سے ہوا۔ ناندیڑ کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور مختلف امراض کے علاج کے لیے مفت ادویات فراہم کیں۔
اس کیمپ میں خصوصی طور پر لائنس کلب ناندیڑ کی جانب سے موتیابند کے مریضوں کے لیے مفت جانچ اور آپریشن کا انتظام کیا گیا، جس سے بڑی تعداد میں مریضوں نے استفادہ حاصل کیا۔
کیمپ کے دوران یوسف خان پٹیل، طیب سنار، ڈاکٹر آصف، اقبال چابی والے، عبدالغفار میمن اور محمد حاجی بھائی میمن سمیت دیگر معزز شخصیات موجود رہیں اور سبھی مہمانوں و عوام کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔
عوام نے اس کامیاب اور بامقصد کیمپ کو نہ صرف نیک عمل قرار دیا بلکہ منتظمین کی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرام سماج کی خدمت کے ساتھ ساتھ صحت کی بیداری میں بھی سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔




