جرائم

پونے کے کارےگاؤں میں ناندیڑ کے دو بھائیوں پر وحشیانہ حملہ؛ ایک موقع پر ہلاک، دوسرا زندگی و موت کی کشمکش میں

پونے (شِرور) : معمولی جھگڑا… مگر اس سے بھڑکی انتقامی آگ… اور انجام میں ہوئی بےرحمانہ قتل کی واردات! یہ لرزہ خیز واقعہ شِرور تعلقہ کے کارےگاؤں گاؤں میں پیش آیا، جہاں ایک معمولی دھکا مکّا سنگین تنازع میں بدل گیا اور دو بھائیوں کی زندگی اجیرن ہو گئی۔ اس افسوسناک واقعہ میں ایک بےگناہ نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا ہے۔

رانجن گاؤں MIDC پولیس کے مطابق، محمد شکیل محمد حاجی اور اس کے بھائی صدیقی محمد (ساکن کارےگاؤں، اصل وطن ناندیڑ) کا ۳ اکتوبر کی شام ایک معمولی موٹر سائیکل کے دھکے کے باعث اونکار واَلکے اور اس کے ساتھی سے تنازع ہوا تھا۔ معمولی سی بات پر پیدا ہونے والی رنجش نے اگلی ہی صبح خطرناک رخ اختیار کرلیا۔ دونوں ملزمین نے انتقام کی نیت سے متاثرین کے گھر میں گھس کر ان پر وحشیانہ حملہ کیا۔

پولیس کے مطابق، ملزمین نے لکڑی کے ڈنڈے، پلاسٹک پائپ اور ہاتھوں سے شدید مارپیٹ کی جس کے نتیجے میں صدیقی محمد موقع پر ہی دم توڑدیا ، جبکہ محمد شکیل شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

واقعہ کے فوراً بعد دونوں حملہ آور فرار ہوگئے، تاہم رانجن گاؤں MIDC پولیس نے بجلی کی تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے صرف دو گھنٹوں میں اونکار سِتارام واَلکے اور وجے گیانیشور جگدھنے (دونوں ساکن کارےگاؤں) کو گرفتار کرلیا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمین نے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔

اس کارروائی کی رہنمائی پونے دیہی پولیس سپرنٹنڈنٹ سندیپ سنگھ گِلّ، ایڈیشنل ایس پی رمیش چوپڑےاور شِرور کے ڈی ایس پی پرشانت دھولے نے کی، جبکہ انسپکٹر مہادیو واگھموڑے، ایس آئی شیواجی منڈھے، نیل کانت تِڈکے، اے ایس آئی دتاتریہ شندے اور ان کی ٹیم نے ملزمان کو حراست میں لیا۔

زخمی محمد شکیل کی حالت فی الحال خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ اس افسوسناک واقعے سے کارےگاؤں اور اطراف کے علاقوں میں سنسنی اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!