ڈاکٹر نورالدین مللاجی کو "جیون گوروَو ایوارڈ” سے سرفراز
" تین دہائیوں پر محیط صحافتی و سماجی خدمات کا روح پرور اعتراف."

جلگاؤں(عقیل خان بیاولی)
ارندول تعلقہ کے قصبہ کاسودہ کے معروف سماجی کارکن اور سینئر صحافی ڈاکٹر نورالدین غیاث الدین مللاجی کو حال ہی میں پاچورہ شہر میں منعقدہ "مہاراشٹر اسٹیٹ پترکار سنگھ” کے ریاستی اجلاس میں باوقار "جیون گوروَ ایوارڈ” سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز پاچورہ کے رکن اسمبلی کیشور پاٹل کے دستِ مبارک سے پیش کیا گیا۔یہ لمحہ نہ صرف ڈاکٹر مللاجی کے لیے بلکہ پوری صحافتی برادری اور سماجی حلقوں کے لیے فخر و مسرت کا باعث بن گیا، کیونکہ یہ ان کے شاندار کیریئر کا ١٠٨ واں اعزاز ہے۔ڈاکٹر نورالدین مللاجی نے گزشتہ تین دہائیوں سے زائد عرصے تک
صحافت، خدمتِ خلق، اور سماجی اصلاح کے میدان میں اپنی مثالی خدمات پیش کی ہیں۔ ان کی تحریروں میں ہمیشہ سچائی، خلوص اور انسانیت کی خوشبو رہی ہے۔ وہ نہ صرف ایک قلمکار بلکہ ایک مصلحِ قوم، ایک رہنما اور ایک روحانی جذبے سے معمور خدمت گار سمجھے جاتے ہیں۔
مقامی و ریاستی سطح پر مختلف شخصیات، اداروں اور معززین نے ڈاکٹر ملاجی کو اس اعزاز پر مبارکباد پیش کی اور ان کی دردمندانہ صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ ایوارڈ اس بات کا اعتراف ہے کہ جب قلم نیت کی پاکیزگی اور دل میں دردِ انسانیت کے ساتھ چلتا ہے تو وہ صرف خبریں نہیں، بلکہ تاریخ رقم کرتا ہے۔خلوص خدمت اور سچائی کا استعارہ ،ڈاکٹر نور الدین ملاجی کو سلامِ عقیدت۔




