ودربھ میں موسم سرما کی دستک ، کئی علاقوں میں سردی کی لہر میں اضافہ
امراوتی سب سے سرد مقام، درجہ حرارت 13.1 ڈگری سیلسیئس


ناگپور ،۸؍نومبر(ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی رپورٹ) ریاست مہاراشٹر میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لی ہے۔ آسمان صاف اور ہوا خشک ہونے کے باعث کم سے کم درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ صبح کے وقت خنکی بڑھنے لگی ہے اور کئی علاقوں میں اوس کے قطرے گھاس اور پتوں پر جھلملاتے نظر آرہے ہیں۔ ودربھ خطہ بھی اب سردی کے ابتدائی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ جمعہ کو امراوتی شہر نے 13.1 ڈگری سیلسیئس کے ساتھ ودربھ میں سب سے کم درجہ حرارت درج کیا، جو اس موسم کی اب تک کی سب سے بڑی گراوٹ سمجھی جا رہی ہے۔
گزشتہ کچھ دنوں سے دن اور رات کے درجہ حرارت میں مسلسل فرق بڑھنے لگا ہے۔ لوگوں نے رات کے اوقات میں لحاف اور گرم کپڑوں کا استعمال شروع کردیا ہے۔ ایوت محل میں کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سیلسیئس اور ناگپور میں 15.8 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سردی اب آہستہ آہستہ اپنی شدت دکھائے گی اور آئندہ ہفتے کے آخر تک درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے۔ودربھ کے اہم شہروں کا درجہ حرارت:امراوتی 13.1° C،آکولہ 15.2° C،بلڈہانہ 15.4°،Cایوت محل 14° C،ناگپور 15.8° C،گوندیا 16.6° C،بھنڈارہ 16° C،واشم 18.8°C،چندرپور 20.2° C،گڑچرولی 20.4° Cرہا۔
ماہرینِ موسمیات کی رائے:محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سردی کی یہ لہر شمالی ہمالیہ اور مدھیہ پردیش کی سمت سے آنے والی ٹھنڈی ہواؤں کے سبب ودربھ تک پہنچی ہے۔ پچھلے ہفتے پڑنے والی ہلکی بارش نے فضا سے نمی کم کر دی ہے، جس کے نتیجے میں آسمان صاف اور راتیں ٹھنڈی ہو گئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگلے ہفتے کے دوران ناگپور، امراوتی اور اکولہ میں درجہ حرارت 11 تا 12 ڈگری سیلسیئس تک گرنے کے امکانات ہیں، جب کہ کچھ شمالی اضلاع میں 10 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سردی کے اثرات اور احتیاطی تدابیر:ڈاکٹروں نے مشورہ دیا ہے کہ اچانک موسم کی تبدیلی کے سبب بخار، کھانسی اور نزلہ زکام کے کیسز بڑھ سکتے ہیں۔ خاص طور پر بزرگ افراد، بچے اور دمہ کے مریضوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ صبح کے وقت خالی پیٹ ٹھنڈے پانی سے پرہیز کریں، رات کو گرم سوپ یا دودھ استعمال کریں اور جسم کو گرم رکھنے والی غذائیں جیسے خشک میوہ جات، شہد، ادرک اور تل کا استعمال بڑھائیں۔
آنے والے دنوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع:محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ نومبر کے تیسرے ہفتے تک ودربھ میں سردی اپنی پوری شدت کے ساتھ چھا جائے گی۔ کئی مقامات پر صبح کے وقت دھند چھانے اور حدِ نگاہ میں کمی کے امکانات ہیں۔ کسان طبقہ بھی اب سردی کے اس نئے مرحلے کے مطابق اپنی فصلوں، خاص طور پر گندم، چنا اور ترکاریوں کے تحفظ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ودربھ کے شہریوں کے لیے یہ سردی جہاں ایک خوشگوار تبدیلی لائی ہے، وہیں اس نے موسمِ سرما کے آغاز کی باضابطہ اطلاع بھی دے دی ہے۔ آنے والے دنوں میں پارہ مزید نیچے جانے کے امکانات ہیں، اور کہا جا سکتا ہے کہ ودربھ اب واقعی شدید سردی کے موسم میں داخل ہو چکا ہے۔




