جلگاؤں تانبہ پورہ فساد: رکشہ ڈرائیور اشفاق شیخ پر گھر میں گھس کر وحشیانہ حملہ


ایم آئی ڈی سی پولیس اسٹیشن میں 23 شرپسندوں کے خلاف دو مقدمات درج ؛پولیس نے ایک الگ مقدمہ بھی قائم کیا.
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)جلگاؤں شہر کا تانبہ پورہ علاقہ ایک بار پھر فرقہ وارانہ کشیدگی کی لپیٹ میں آگیا ہے۔ 9 نومبر کی دوپہر ایک معمولی کرکٹ میچ کے تنازع نے سنگین رخ اختیار کرلیا، جس کے نتیجے میں حالات بے قابو ہوگئے۔ شرپسند عناصر نے پُرتشدد انداز میں پتھراؤ، نعرے بازی اور گھروں پر حملے کیے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اس افسوسناک واقعے میں رکشہ ڈرائیور اشفاق شیخ پر ان کے ہی گھر میں گھس کر جان لیوا حملہ کیا گیا۔ حملہ آوروں نے لوہے کی سلاخوں اور لاٹھیوں سے ان پر بے رحمی سے وار کیے۔ یہ بزدلانہ اور قابلِ مذمت کارروائی تامبہ پور کی دیرینہ امن فضا کو چکنا چور کرگئی ہے۔ اس واقعے سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ایم آئی ڈی سی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ نمبر 0821/2025 کے تحت بھارتی انصاف ضابطہ (BNS) کی دفعات 333، 128(2)، 189(2)، 191(2)، 309 اور مہاراشٹر پولیس ایکٹ کی دفعات 37(1)(2)، 135 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
زخمی اشفاق شیخ (عمر 30، ساکن تامبہ پور) نے پولیس کو دی گئی اپنی شکایت میں بتایا، “میں اپنا رکشہ گھر کے باہر کھڑا کر رہا تھا کہ اچانک کچھ نوجوان ہاتھوں میں راڈ، ڈنڈے اور پتھر لے کر دوڑتے ہوئے آئے۔ میں جیسے ہی گھر میں داخل ہوا، وہ میرے پیچھے اندر گھس آئے اور مجھ پر اندھا دھند حملہ کردیا۔ میں شدید زخمی ہوں اور انصاف چاہتا ہوں۔”اشفاق شیخ نے 9 ملزمان کی واضح شناخت کی ہے اور پولیس تحقیقات جاری ہے۔ایکتا سنگٹھنا کا انتباہ۔“غنڈہ گردی بند کرو، ورنہ احتجاج کریں گے” مسلسل بڑھتی وارداتوں پر برہم ایکتا تنظیم کے عہدیداران نے ایس ڈی پی او نیتن گنپورے سے ملاقات کی اور تامبہ پور میں بڑھتے جرائم و غنڈہ گردی پر سخت برہمی ظاہر کی۔

ان کا کہنا تھا، “گزشتہ ایک ماہ میں تین سنگین واقعات رونما ہوئے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ غنڈہ عناصر نے قانون کو اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔ پولیس کو فوری اور سخت کارروائی کرنی ہوگی تاکہ قانون کا رعب بحال ہو۔” یہ مطالبہ فاروق شیخ، ندیم ملک، عارف دیشمکھ، انور صیقلگر، متین پٹیل، مختار پنچاری، واحد باپو، عزیز بابا، ارشد سونو، ناصر شیخ، راجہ رنگریز، شکیل باغوان، نعیم خطیب، حسین شیخ، تیسیف شیخ، شاہیر تیلی، مصطفیٰ خان، انور تڑوی، ٹیپو باغوان، سیدہ عمران وغیرہ نے کیا۔پولیس کی جانب سے ازخود مقدمہ درج ، 14 ملزمان کے خلاف کارروائی۔ ایم آئی ڈی سی پولیس نے اس واقعے کے دوران عوامی نظم و نسق میں خلل ڈالنے کے الزام میں از خود ایف آئی آر نمبر 820/2025 درج کی ہے۔
اس مقدمے میں 14 ملزمان کے خلاف BNS کی دفعات 110، 194(2)، 189(2)(4)، 190، 191(3)، 118(1) کے تحت کارروائی کی جا رہی ہےاور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ یہ واقعہ جلگاؤں کے پرامن ماحول پر سوالیہ نشان بن گیا ہے، جبکہ عوام انصاف اور مؤثر پولیس کارروائی کے منتظر ہیں۔to




