"پربھنی میں وقف اداروں کا ریکارڈ اُمید پورٹل پر درج کرنے کا اعلان”


پربھنی – نیشنلسٹ کانگریس شردچندر پاوار پارٹی کی خواتین قومی صدر، وقف بورڈ کی رکن اور راجیہ سبھا کی ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فوزیہ خان نے پربھنی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ضلع کے تمام وقف اداروں کا ریکارڈ اور معلومات ’اُمید پورٹل‘ پر درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں جلد ہی متولیوں کے لیے ایک خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا۔
ڈاکٹر فوزیہ خان نے کہا کہ مرکزی حکومت نے وقف ایکٹ 1995 میں جو ترمیمات کی ہیں، پارٹی نے اس کی مخالفت کی تھی مگر حکمران جماعت نے اس اعتراض کو نظرانداز کیا۔ نئے ترمیمی قانون کے مطابق تمام وقف اداروں کی معلومات 5 دسمبر 2025 تک ’اُمید پورٹل‘ پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مدت بہت کم ہے، اس لیے اسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ضلع کے وقف اداروں کی معلومات درج کرنے کا عمل جاری ہے، اور اب تک تقریباً 600 سے 700 اداروں کا ریکارڈ پورٹل پر اپ لوڈ کیا جا چکا ہے۔ تاہم ابھی کافی کام باقی ہے۔ متولیوں کو معلومات بھرنے میں کئی مسائل پیش آ رہے ہیں، جنہیں حل کرنے کے لیے اور صحیح طریقے سے معلومات درج کرنے کی رہنمائی کے لیے 25 نومبر 2025 بروز منگل دوپہر 12 بجے، ضلع وقف آفس کے احاطے میں واقع عثمانیہ مسجد میں ورکشاپ منعقد کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریکارڈ اپ لوڈ کرنے کا کام جنگی بنیادوں پر جاری رہے گا اور مرکزی حکومت کو اس کی مقررہ مدت میں اضافہ کرنا چاہیے۔ اس کے لیے عوامی تحریک چلانے کی ضرورت ہے اور آنے والے پارلیمنٹ سیشن میں اس مسئلہ کو اٹھانے کی بھی کوشش کی جائے گی۔
پریس کانفرنس میں عبدالمجید، عبد الخالد، رحمان پٹھان، دشرتھ تپسوندر، ونتا چوہان، تحسین احمد خان اور دیگر کئی لوگ موجود تھے۔




