مہاراشٹرا

چراغِ تعلیم بجھا… مگر اس کی روشنی باقی ہے آہ! الحاج شیخ حسن نور محمد کا انتقالِ پرملال

جلگاؤں (نامہ نگار)
اقصیٰ نگر مہرون جلگاؤں کے معزز و محترم بزرگ، ڈاکٹر التمش حسن اور مرحوم شیخ جاوید جناب کے والدِ گرامی، ضلع پریشد جلگاؤں کے محکمۂ صحتِ عامہ سے موظف آفس سپریٹنڈنٹ، انجمنِ خدمتِ خلق کے اعزازی جنرل سیکریٹری، انجمن تعلیم المسلمین کے سابق جنرل سیکریٹری اور شیخ حسن انٹرنیشنل اسکول کے بانی و سرپرست شہر کی تعلیمی ترقی کا ستون اور خدمتِ خلق کا درخشان چراغ الحاج شیخ حسن نور محمد طویل علالت کے بعد جمعرات کی شب وقتِ عشاء اس دارِ فانی سے رخصت ہوگئے۔ بروز جمعہ، 28 نومبر کی صبح قدیم قبرستان میں اُن کی تدفین سینکڑوں

سوگواروں کی موجودگی میں عمل میں آئی۔ تدفین میں مختلف دینی، تعلیمی، سماجی، سیاسی اور امدادِ باہمی سے متعلق اداروں کی سرکردہ شخصیات شریک تھیں، جو مرحوم کی بےلوث خدمات اور اعلیٰ سیرت کا عملی اعتراف تھا۔ مرحوم شیخ صاحب اپنی عمرِ عزیز کے ہر پڑاؤ میں نیک طبع، فعال، دیانت دار، بے غرور، منکسر المزاج اور انسان دوستی کے پیکر تھے۔ اُن کا شمار اُن خوش نصیب شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے دکھاوے سے دور رہ کر، محض اللہ کی رضا اور سماج کی بھلائی کے لیے زندگی گذاری۔شہر کی تعلیمی بیداری، اداروں کی تعمیر، طلبہ کی رہنمائی، اور معاشرتی ہم آہنگی کے لیے اُن کی خاموش مگر عظیم خدمات آنے والی نسلوں تک یاد رکھی جائیں گی۔

شہر کا علمی و سماجی حلقہ آج ایک ایسے محسن کے انتقال پر سوگوار ہے جس کی جدائی نے ایک ایسا خلا چھوڑا ہے جو مدتوں پُر نہ ہوسکے گا۔ اس موقع پر خاندیش اُردو کونسل جلگاؤں کے صدر عقیل خان بیاولی، سیکریٹری سعید پٹیل اور رابطہ کار نوشاد حمید نے مرحوم کے فرزندِ ارجمند ڈاکٹر التمش حسن سے تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا اور کہا، "اس غم کی گھڑی میں ہم تمام اہلِ قلم، اہلِ علم اور محبانِ شہر آپ کے شانہ بشانہ ہیں۔ شیخ صاحب کی خدمات کسی فرد کی نہیں، ایک پوری نسل کی امانت تھیں۔ اُن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔” ہم سراپا دعا ہیں کہ اللہ رب العزت مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کی قبر کو نور سے بھر دے، درجات بلند فرمائے، اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم عطا کرے۔
آمین یا رب العالمین۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!