ڈاکٹر اسداللہ خان انگلش ہائی اسکول کے ’عروج‘ تہوار میں
ورلڈ کپ فاتح گنگا قدم کو ’بھارت کی بیٹی‘ ایوارڈ

شولاپور (اِقبال باغبان) : ڈاکٹر اسداللہ خان انگلش ہائی اسکول و جونیئر کالج، سولاپور کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا۔ پانچواں سالانہ ثقافتی تہوار ’عروج‘ شہید اسمرتی مندر میں نہایت جوش، نظم و ضبط اور شاندار انداز میںہوتاتما سمرتی مندر میں منعقد ہوا۔ طلبہ کی پُراعتماد اور معیاری پیشکشوں نے حاضرین کے دل جیت لیے۔ اس تہوار کا بنیادی مقصد طلبہ میں اعتماد پیدا کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو ایک بہتر اور باوقار پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔ حب الوطنی، تعلیم، سماجی شعور اور اخلاقی اقدار پر مبنی رقص، ڈرامے اور ثقافتی پروگراموں نے حاضرین کو گہرے اور مثبت پیغامات دیے۔
اس موقع پر اسٹیج پر مہاراشٹر اقلیتی کمیشن کےرکن وسیم برہان، ڈاکٹر امجد سید اور سولاپور کی معروف شخصیت فاروق شابدی بطورِ مہمانانِ خصوصی موجود تھے۔ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی معاشرے کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی ممتاز شخصیات کو اسکول کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا۔ ان میں جمعیۃ علمائے ہند کےمولانا ابراہیم ، وائس آف میڈیا کے توفیق نداف ، طبی تعلیم کے ڈاکٹر وسیم بینیشیروُر ، تعلیم و غیر نصابی رہنمائی کرنے والے شری پُنڈلک کلکھمبکر اور ولاسنگ پولیس اسٹیشن کے اے۔پی۔ائی۔ راہل ڈونگرے یہ حضرات موجود تھے۔ اے۔ ایس پی سولاپور رورل شری اتُل کلکرنی کا ایوارڈپی۔ائی۔ راہل ڈونگرے نے لے لیا ۔
فاروق شابدی نے اپنے خطاب میں اسکول کے تعلیمی سفر اور ’عروج‘ تہوار کے معیاری انعقاد کو سراہتے ہوئے طلبہ کی نظم و ضبط، موضوعات کے انتخاب اور سماجی و اخلاقی اقدار پر دیے گئے زور کی بھرپور تعریف کی، جسے حاضرین نے تالیوں سے خوب سراہا۔ تقریب کا سب سے فخر انگیز لمحہ بھارتی خواتین نابینا کرکٹ ٹیم کی نائب کپتان اور ورلڈ کپ فاتح محترمہ گنگا قدم کی شاندار پذیرائی تھی۔ اسکول کی جانب سے انہیں خصوصی ’بھارت کی بیٹی‘ ایوارڈ، نقد انعام، یادگاری شیلڈ اور تحائف پیش کیے گئے۔ گنگا قدم کی جدوجہد بھری زندگی طلبہ کے لیے زبردست تحریک ثابت ہوئی اور انہوں نے یہ پیغام دیا کہ اصل رکاوٹیں ذہن میں ہوتی ہیں۔
’عروج‘ تہوار کی تمام ثقافتی پیشکشیں مکمل طور پر مہذب، باوقار اور اقدار پر مبنی تھیں۔ کسی بھی غیر ضروری یا نامناسب موضوع سے اجتناب کرتے ہوئے پروگرام پیش کیے گئے، جس سے اسکول کے اقدار پر مبنی تعلیمی فلسفے کی عملی تصویر سامنے آئی۔ اختتامی تقریب میں یونیک ایجوکیشنل سوسائٹی کے بانی ڈاکٹر اسداللہ خان، ٹرسٹی سعداللہ خان، نسرین خان، فرحان بامنی، عباداللہ خان اور اسکول کے پرنسپل محمد ساکب سید موجود تھے۔ تمام معززین نے اساتذہ اور طلبہ کی محنت کی ستائش کی اور تقریب میں شرکت کرنے والے والدین کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔




