مہا گاؤں پونے میں حضرت بندگی میاں شاہ نعمتؓ کا خرافات و بدعات سے پاک بہر عام و عرس شریف کا اختتام ۔۔

پونے(محمد مسلم کبیر) : خلیفۃ اللہ،امامنا حضرت سید محمد مہدی موعود علیہ السّلام کے خلیفہ سوم حضرت بندگی میاں شاہ نعمتؓ کا 512 ویں بہر عام اور عرس نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔اس عرس مبارک کی خصوصیت ہوتی ہے کہ اس دوران نہ کوئی باجا، لاؤڈ اسپیکر ہوتا ہے اور نہ ہی کسی قسم کے بدعت و خرافات اور شور و غل ہوتا ہے۔اقطاع ہند سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدتمند، زائرین پر پیچ پہاڑیوں سے گزر کر زیارت کے لئے آتے ہیں۔ان ہزاروں زائرین کے لئے تناول ط عام کا نظم "اللہ دیا” کیا جاتا ہے۔
مقراض بدعات،فاروق ولایت،حضرت بندگی میاں شاہ نعمتؓ نے اپنی زندگی میں خرافات وبدعات کو مٹانے کا کام کیا اور اللہ کے احکامات، سُنت رسولﷺ اور فرامین امامناؑ کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کی اور 22 شعبان المعظم 935 ہجری کو مہاگاؤں نزد قلعہ لوہ گڑھ، پاونا نگر کالےکالونی،پونے میں آپ کے علاوہ 21 فقراء نے جام شہادت نوش فرمائی۔
کل بعد نماز عشا مسجد میں پیر و مرشد حضرت مولانا سیّد محمود شاہد میاں صاحب قبلہ(جانشین دائرہ حضرت میاں سیّد محمد غازی سالارگروہ،ميندرگی) کے دست مبارک بہرعام کا ناریزہ(تبرک) تقسیم ہوا جس میں ہزاروں عقیدتمندوں نے نا ریزا کا فیض عام حاصل کیا۔ اور صبح حضرت بندگی میاں شاہ نعمتؓ کی اجتماعی زیارت کی گئی۔جس میں ہزاروں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔علاوہ ازیں بہر عام و عرس مبارک میں،مہاراشٹر ،کرناٹک،حیدرآباد اور گجرات اور دیگر ریاستوں سے بھی حضرات مرشدین کرام ،علماء ، مقررین اور فقراء بھی اس موقع پر کثیر تعداد میں شریک رہے۔اور حضرت بندگی میاں شاہ نعمتؓ کی سیرت مبارکہ سے عقیدت مندوں کو واقف کرایا۔ امسال بہر عام اور عرس مبارک کے انتظامات میں بہتری کو ترجیح دی گئی تاکہ زائرین کو کسی قسم کی تکلیف و دشواری نہ ہو ۔




