قومی

ریاست کرناٹک کے معروف عالم دین مولانا زین العابدین رشادی مظاہریؒ کے سانحہ ارتحال پر آل انڈیا ملی کونسل کا گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار

بنگلور، 9؍ جولائی 2026(پریس ریلیز) : ریاست کرناٹک کے ممتاز و مایہ ناز عالم دین، دارالعلوم شاہ ولی اللہ بنگلور کے بانی و مہتمم، جمعیۃ علماء کرناٹک کے نائب صدر اور خادم الحجاج حضرت مولانا زین العابدین صاحب رشادی مظاہریؒ کے اچانک انتقال پر آل انڈیا ملی کونسل کی جانب سے گہرے دکھ، صدمے اور ملال کا اظہار کیا گیا ہے۔کونسل کے معاون جنرل سکریٹری سلیمان خان صاحب نے اپنے ایک خصوصی تعزیتی پیغام میں حضرت مولانا کے سانحہ ارتحال کو ملت اسلامیہ، بالخصوص ریاست کرناٹک کے تعلیمی، تدریسی اور ملی حلقوں کے لیے ایک عظیم اور ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

سلیمان خان صاحب نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت مولانا زین العابدین رشادی مظاہریؒ ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے جہاں دارالعلوم شاہ ولی اللہ بنگلور کی بنیاد رکھ کر ہزاروں تشنگانِ علم کی علمی و روحانی پیاس بجھائی، وہی جمعیۃ علماء کرناٹک کے نائب صدر اور ایک متحرک ملی رہنما کی حیثیت سے ہمیشہ ملت کی رہنمائی اور فلاح و بہبود کے لیے پیش پیش رہے۔ بطور خادم الحجاج، عازمینِ حج کی خدمت کے لیے ان کا خلوص اور جذبہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی رحلت سے جو خلا پیدا ہوا ہے، اسے پر کرنا ناممکن معلوم ہوتا ہے۔

آل انڈیا ملی کونسل کے تمام ذمہ داران اور سلیمان خان صاحب نے پسماندگان، دارالعلوم شاہ ولی اللہ کے اساتذہ و طلبہ، اور حضرت کے عقیدت مندوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔دعا ہے کہ اللہ رب العزت حضرت مولانا کی تمام دینی، ملی، تعلیمی اور سماجی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے، اور پسماندگان کو صبرِ جمیل کی توفیق مرحمت فرمائے۔ (آمین)

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!