بزمِ غالب کی جانب سے ڈاکٹر آصف اقبال کے اعزاز میں ۸ نومبر کو محفلِ مشاعرہ کا انعقاد

سولاپور (اِقبال باغبان) : شہرِ سولاپور کی ممتاز اور قدیم ادبی تنظیم ’بزمِ غالب‘ کے زیرِ اہتمام معروف شاعر، ادیب اور مجموعۂ کلام ’نیا آسمان‘ کے خالق ڈاکٹر آصف اقبال (صدر مدرس، ایس ایس اے اردو پرائمری اسکول، سولاپور) کے اعزاز میں ایک خصوصی ادبی نشست اور محفلِ مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ تقریب اتوار، ۸ نومبر ۲۰۲۶ء کو صبح ۱۱:۳۰ بجے مسلم بادشاہ پیٹھ، سولاپور میں واقع بزمِ غالب کے دفتر میں منعقد ہوگی۔
واضح رہے کہ مرحوم بشیر پرواز صاحب نے اپنی بے لوث ادبی خدمات، خلوص و لگن اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے بزمِ غالب کی آبیاری کرتے ہوئے اس کی بنیادوں کو مستحکم کیا اور اسے ایک تناور ادبی شجر کی شکل عطا کی۔ آج اسی ادارے کے زیرِ سایہ اردو زبان و ادب کی روایت نہ صرف برقرار ہے بلکہ مسلسل فروغ پا رہی ہے۔
اس اعزاز کے تعلق سے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف اقبال نے کہا کہ جس ادارے کی علمی و ادبی فضا میں ان کے ادبی سفر کی نشوونما ہوئی، اسی بزمِ غالب کی جانب سے ملنے والی پذیرائی ان کے لیے غیر معمولی اہمیت اور معنویت رکھتی ہے۔ ان کا اس ادارے سے تعلق محض ایک رکن یا ادبی سرگرمیوں کے شریک کی حیثیت سے نہیں بلکہ بچپن سے قائم ایک گہرے جذباتی اور ادبی رشتے کی صورت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز محض ایک رسمی تقریب نہیں بلکہ اس ادارے کی محبت، اپنائیت اور دیرینہ تعلق کا خوب صورت اعتراف ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بزمِ غالب کے تمام عہدیداران اور اراکین سے اظہارِ تشکر بھی کیا۔
اس ادبی محفل کی نظامت معروف ناظمِ مشاعرہ وجاہت عبد الستار انجام دیں گے۔ محفل میں ڈاکٹر آصف اقبال کے علاوہ سولاپور شہر اور بیرونِ شہر کے ممتاز شعراء اپنا منتخب کلام پیش کریں گے۔ پروگرام کے انتظامات عرفان کاریگر انجام دے رہے ہیں، جبکہ بزمِ غالب کے نائب صدر اور تمام اراکین نے شہر و اطراف کے اہلِ ذوق، شعراء، ادباء اور اردو ادب کے شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس خصوصی ادبی محفل میں کثیر تعداد میں شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں۔




