ایس ڈی پی آںٔی ناندیڑ ضلع ٹیم کی جاہور تعلقہ مکھیڑ قبرستان کی زمین پر غیر مجاز قبضہ معاملے پر نائب تحصیلدار سے ملاقات، غیر جانبدارانہ کارروائی کا مطالبہ

دیگلور: سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) ناندیڑ ضلع ٹیم نے آج جاہور قبرستان کی زمین پر غیر مجاز قبضہ معاملے پر دیگلور کے نائب تحصیلدار جناب تیلنگ صاحب سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پارٹی کے نمائندہ وفد نے ایک یادداشت (میمورنڈم) پیش کرتے ہوئے معاملے میں غیر جانبدارانہ، شفاف اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

وفد نے انتظامیہ کو بتایا کہ جاہور قبرستان کا معاملہ عوامی مفاد اور مقامی شہریوں کے مذہبی جذبات سے وابستہ ہے، لہٰذا آئینِ ہند اور قانون کے مطابق انصاف پر مبنی کارروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ علاقے میں امن، بھائی چارہ اور باہمی ہم آہنگی برقرار رہے۔
اس نمائندہ وفد میں SDPI مہاراشٹر اسٹیٹ کے خازن جناب اعجاز احمد شیخ، SDPI ناندیڑ ضلع سیکریٹری جناب محمد نظیر، اور ضلع کمیٹی کے رکن جناب اکبر خان شامل تھے۔
اس موقع پر SDPI قائدین نے کہا کہ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا ہمیشہ آئینِ ہند کے دائرے میں رہتے ہوئے انصاف، امن اور عوام کے آئینی و جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتظامیہ اس معاملے میں جلد، منصفانہ اور قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔




