کے کے اُردو گرلز ہائی اسکول میں یومِ آزادی پر شاندار پرچم کشائی اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) انجمنِ خدمتِ خلق کے زیرِ انتظام چلنے والے کے کے اُردو گرلز ہائی اسکول و جونیئر کالج میں 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پرچم کشائی ادارے کے خزانچی ڈاکٹر محمد طاہر شیخ کے دستِ مبارک سے عمل میں آئی، اس موقع پر نائب سکریٹری جناب زاہد امان اللہ شاہ بھی موجود تھے۔ڈاکٹر محمد طاہر شیخ نے اس پُروقار موقع پر اساتذہ اور طالبات کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں قومی یکجہتی، سماجی ہم آہنگی اور تمام مذاہب کے احترام کا سبق دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی پاسداری اور اعلیٰ تعلیم کا حصول ہی ملک کی ترقی کی بنیاد ہے۔ آج کے دور میں تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے طالبات کو ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔
اسکول کی پرنسپل تنویر جہاں شیخ کی رہنمائی میں مختلف پروگرام ترتیب دیے گئے، جن میں "ہر گھر ترنگا” مہم کے تحت شاندار ریلی، مارچ پاسٹ، سوال و جواب کے مقابلے، مجاہدین آزادی کے تمثیلی کردار ،کثیر لسانی تقاریر ،بھارتی فوج کے نام شکریہ و خراجِ تحسین کے خطوط، ثقافتی پروگرام، تقاریر، قومی نغموں کی پیشکش، اور تصویری خاکہ نگاری کے مقابلے شامل تھے۔طالبات نے ملی جوش و جذبے سے سرشار نغمات پیش کیے اور آزادی و حب الوطنی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اسکول کے گائیڈ یونٹ کی جانب سے بھی پرچم کو سلامی پیش کی گئی۔ شاہ ذاکر امان اللہ و شیخ شکیلہ نے اظہار خیال کیا ۔اس پُروقار تقریب میں پرائمری، اپر پرائمری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری کے تمام اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ موجود تھا۔
تقریب کی نظامت جماعت ششم کی ہونہار طالبات عربیہ اور آمنہ نے خوش اسلوبی سے انجام دی۔یہ دن نہ صرف آزادی کی یاد دلاتا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کو ملک کی خدمت اور اتحاد کے پیغام سے روشناس بھی کراتا ہے۔ تبریز اسلم شیخ نے رسم شکریہ ادا کیا ۔




