ایجوکشن

راج اُردو پرائمری اسکول محمدیہ کالونی ناندیڑ میں یومِ اساتذہ کا شاندار انعقاد

ناندیڑ (نامہ نگار خصوصی): آج 5 ستمبر کو پورے ملک میں بھارت کے سابق صدر جمہوریہ، عظیم فلسفی اور ماہر تعلیم ڈاکٹر سروپلّی رادھا کرشنن کی یومِ پیدائش کے موقع پر "یومِ اساتذہ” بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔ اسی سلسیلے میں راج اُردو پرائمری اسکول محمدیہ کالونی ناندیڑ میں بھی ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

اس موقع پر بچوں نے اساتذہ کا روپ دھار کر کلاس روم میں تدریسی عمل انجام دیا۔ ننھے طالب علموں نے اپنی معصوم اور پُرجوش ادائیگی سے یہ پیغام دیا کہ استاد کی حیثیت محض ایک معلم کی نہیں بلکہ قوم و ملت کے معمار کی ہے۔ طلبہ و طالبات نے اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ استاد ہی وہ ہستی ہے جو انسان کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر علم و ہنر کی روشنی میں لے جاتا ہے۔

تقریب میں صدرِ مدرس محمد صابر عرف بابو راج نے طلبہ کی سرگرمیوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن نہ صرف طلبہ کے لیے اساتذہ کی عظمت کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے بلکہ اساتذہ کے لیے بھی اپنے فرائضِ منصبی پر نظر ڈالنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اگر اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی ادا کریں تو ایک روشن اور بااخلاق معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔

اس موقع پر دیگر تمام اساتذہ نے بھی طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پروگرام کے دوران ماحول خوشگوار اور تعلیمی رنگوں سے لبریز رہا۔ آخر میں طلبہ نے اپنے استادوں کو پھول پیش کر کے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔

راج اُردو پرائمری اسکول میں یومِ اساتذہ نہایت شاندار اور یادگار انداز میں منایا گیا جو بچوں اور اساتذہ دونوں کے لیے ایک ناقابلِ فراموش دن ثابت ہوا۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!