اخلاق ماہ کی نسبت سے محمدیہ انٹرنیشنل انگلش اسکول ہنگولی کی پرخلوص کاوش

صباء فردوس ( ہنگولی) ماہِ ربیع الاول، وہ مقدس مہینہ جس میں رحمت للعالمین ﷺ اس دنیا میں تشریف لائے۔ انہی بابرکت ایام کی نسبت سے محمدیہ انٹرنیشنل اسکول میں اس سال خصوصی طور پر "اخلاق ماہ” منایا جا رہا ہے۔ اس ماہ کے تحت مختلف اخلاقی و تربیتی پروگرام ترتیب دیے گئے تاکہ طلبہ کے دلوں میں سیرتِ طیبہ ﷺ کا نور اتارا جا سکے اور ان کی عملی زندگی میں اخلاقِ حسنہ کے رنگ بھرے جا سکیں۔
اسی سلسلے کی ایک نمایاں اور روح پرور سرگرمی کے طور پر اس بار طلبہ کو ساتھ لے کر بلائنڈ اسکول اور محمدیہ مدرسہ کا دورہ کیا گیا۔
بلائنڈ اسکول میں جب ہمارے طلبہ نے وہاں کے بچوں اور اساتذہ کے ساتھ وقت گزارا تو پورا ماحول خوشیوں اور مسکراہٹوں سے مہک اٹھا۔

اسکول کا مکمل اسٹاف اور طلبہ ہمارے اس اقدام سے بے حد خوش ہوئے۔ وہاں کے اساتذہ نے کہا کہ ہمارے اس عمل سے انہیں بھی کئی نئے اور بامقصد پروگراموں کے خیالات ملے ہیں۔ انہوں نے اس جذبے کو سراہتے ہوئے یہ عندیہ دیا کہ آئندہ بھی وہ ہماری ٹیم کا ہمیشہ خیرمقدم کریں گے اور مستقل رابطے میں رہیں گے۔بعد ازاں محمدیہ مدرسہ میں یتیم بچوں سے ملاقات کی گئی اور ان کی دلجوئی کے ساتھ ساتھ ان کی امداد بھی کی گئی۔ اس موقع پر بچوں کے چہروں پر شکر گزاری اور خوشی کی جھلک دیکھنے سے دلوں میں وہی سکون پیدا ہوا جسے نبی کریم ﷺ نے خدمتِ خلق کی اصل روح قرار دیا ہے۔
یہ دورہ محض ایک رسمی ملاقات نہ تھی بلکہ اس پیغام کی تجدید تھی کہ اسلام کا اصل حسن خدمتِ خلق اور اخلاقِ حسنہ میں پوشیدہ ہے۔ بچوں کے چہروں پر خوشی کی جھلک اور ایک دوسرے کے ساتھ دعا و محبت کا تبادلہ اس بات کا گواہ تھا کہ حقیقی تعلیم وہی ہے جو انسان کو انسانیت سے جوڑ دے۔ اسکول کی یہ کاوش ظاہر کرتی ہے کہ اگر نئی نسل کو سیرتِ رسول ﷺ کے سانچے میں ڈھالا جائے تو سماج کو امن، محبت اور خیرخواہی کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔




