ایجوکشن

صفہ کڈز پری اسکول میں اپنی طرز کا منفرد یومِ اساتذہ پروگرام

ناندیڑ(نامہ نگار):صفہ کڈز پری اسکول، برانچ-2، ٹیپو سلطان روڈ، ناندیڑ میں یومِ اساتذہ (5 ستمبر) کے موقع پر ایک انوکھی اور تاریخ ساز تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں عام طور پر اس دن طلبہ کو ایک روزہ استاد بننے کا موقع دیا جاتا ہے، وہیں اس سال اسکول نے ایک نیا اور خوش آئند قدم اٹھاتے ہوئے طلبہ کی ماؤں کو اساتذہ کا روپ دے کر کلاس رومز کی ذمہ داری سونپی۔

اس منفرد اقدام کے تحت مختلف کلاسوں سے تقریباً 25 ماؤں نے "یومیہ استاد” کا کردار ادا کیا۔ ان ماؤں نے نہ صرف تدریسی سرگرمیاں انجام دیں بلکہ پورے اسکول کا نظم و نسق بھی انتہائی سنجیدگی اور خوش اسلوبی کے ساتھ سنبھالا۔ بچوں کے ساتھ محبت، شفقت اور تعلیمی جوش و جذبے نے اس تجربے کو یادگار بنا دیا۔

اس موقع پر اسکول کی انچارج محترمہ عائشہ نوشین اور معلمات نے، اسسٹنٹ ڈائریکٹر صفہ کڈز جناب انظر شاہ کی رہنمائی میں پروگرام کی بہترین تیاری کی۔ دن بھر کی سرگرمیوں کے بعد ایک پُروقار اختتامی تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں ڈائریکٹر الصفہ گروپ جناب محمد شبیرالدین، ڈاکٹر محمد سرفراز اور اکیڈمک ہیڈ شیخ پاشاہ سر نے شرکت کرکے پروگرام کی شان میں اضافہ کیا۔

اختتامی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹرس نے اس منفرد تجربے کو تعلیمی میدان میں ایک خوش آئند اور قابلِ تقلید قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ:
*”بچوں کی پہلی درسگاہ ماں کی گود ہے، اور آج ماں کو استاد بنا کر ہم نے اسی حقیقت کو عملی صورت دی ہے۔ یہ تجربہ نہ صرف بچوں کے لیے دلچسپ رہا بلکہ ماؤں کے لیے بھی ایک ناقابلِ فراموش یادگار موقع بن گیا۔

پروگرام کے دوران ماؤں نے بھی اپنے خیالات پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، جس سے انہوں نے بچوں کی تربیت اور اساتذہ کی محنت کو قریب سے محسوس کیا۔ ماؤں نے اسکول انتظامیہ کی اس پہل کی دل کھول کر تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے تخلیقی اور انوکھے پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔

مزید برآں، اس موقع پر تمام اساتذہ کو سرٹیفکیٹس اور میڈلز سے نوازا گیا، جبکہ اسکول کی تمام معلمات کو نام کندہ پین اور ٹیچرز ڈے گریٹنگ کارڈز تحفے میں پیش کیے گئے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء اور مہمانانِ خصوصی کے اعزاز میں ریفریشمنٹ کا اہتمام بھی کیا گیا۔ پورے پروگرام کو والدین، طلبہ اور اسٹاف کی جانب سے بےحد سراہا گیا اور یہ کہا گیا کہ: "صفہ کڈز پری اسکول نے یومِ اساتذہ منانے کی روایت کو ایک نیا رخ عطا کیا ہے

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!