طلباء میں مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیداکریں : چودھری
یوم اساتذہ کے موقع سولاپور سٹی باغبان جمعیت سٹی ٹرسٹ اساتذہ کو اعزاز

سولاپور(نامہ نگار) : یوم اساتذہ کے موقع پر حافظ عبدالرزاق چودھری نے کہا کہ اساتذہ کو طلباء کو علم فراہم کرتے ہوئے جدید تعلیم پر توجہ دینی چاہئے، طلباء میں خدمت کا جذبہ پیدا کرنا چاہئے اور طلباء میں مستقبل کے چیلنجوں کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کرنی چاہئے۔ سولاپور سٹی باغبان جمعیت سٹی ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایک پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے چودھری خطاب کر رہے تھے۔
پروگرام کی صدارت سولاپور سٹی باغبان جمعیت کے صدر ڈاکٹر ایم۔ اے۔ دلال نے کی۔ اس سال یوم اساتذہ کے موقع پر سولاپور ضلع کے 30 اساتذہ کو خصوصی طور پر اعزاز سے نوازا گیا۔

اس موقع پر حافظ عبدالرزاق چودھری کو جمعیۃ العلماء ہند کے سکریٹری مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ حافظ عبدالسلام باغبان کو جمعیۃ العلماء ہند کے شمالی ڈویژن کے صدر اور اشفاق باغبان کو سولاپور سنٹرل ڈویژن کے نائب صدر کے طورمقرر ہونے پر مبارکباد دی گئی۔ پروگرام میں سولاپور سٹی باغبان جمعیت سٹی ٹرسٹ کے زیر انتظام باغبان یوتھ آرگنائزیشن کے عہدیداران اور مشاورتی کمیٹی کے ارکان کو مبارکباد پیش کی گئی۔
پروگرام میں مولابخش تلجاپورے، الطاف لمبووالے، اخلاق مرچنٹ، امتیاز دلال، رئیس باغبان، ایوب کلیانی، مشتاق ایم ۔راؤنڈ، صادق ستیم، مشتاق خلیفہ، افتخار تلجاپورے، ناظم کامتیکر، حافظ سلام، ایوب کلیانی نے شرکت کی۔ ایجوکیشن کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر ہارون رشید نے تعارف پیش کیا۔ اللہ بخش باغبان نے پروگرام کی نظامت کی۔ فیاض باغبان نے شکریہ ادا کیا۔




