ایجوکشن
ارتفاع تعلیمی فیسٹیول و تہنیتی اجلاس 2025 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر
ضلع ناندیڑ کے طلبہ کی شاندار شرکت، نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات کی تقسیم


ناندیڑ، 04 دسمبر 2025: اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) ضلع ناندیڑ کے زیر اہتمام منعقدہ "ارتفاع تعلیمی فیسٹیول 2025” اپنی تمام سرگرمیوں اور مقابلوں کے ساتھ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا۔ فیسٹیول کی اختتامی اور تقسیمِ انعامات کی مرکزی تقریب آج اردو گھر ناندیڑ میں نہایت پُروقار ماحول میں منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں طلبہ، اساتذہ اور سرپرستوں نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں ایس آئی او کے مرکزی ذمہ داران کی خصوصی شرکت نے تقریب کو وقار بخشا۔
ارتفاع تعلیمی فیسٹیول کا مقصد طلبہ میں علمی، تحقیقی، سائنسی، تخلیقی اور ریاضیاتی صلاحیتوں کو فروغ دینا تھا، جس کے تحت ضلع ناندیڑ کے مختلف اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں سے طلبہ نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔ فیسٹیول میں تین اہم مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں سائنس ایگزیبیشن، پوسٹر میکنگ مقابلہ اور مسٹر/مس میتھ میٹکس شامل تھے۔ سائنس ایگزیبیشن میں 40 سے زائد اسکولوں کے طلبہ نے روبوٹکس، ماحولیاتی سائنس، طبیعات، حیاتیاتی ٹیکنالوجی، ہیلتھ ٹیک اور تخلیقی سائنسی اختراعات جیسے اہم موضوعات پر 170 سے زیادہ معیاری اور تحقیق پر مبنی سائنسی ماڈلز پیش کیے۔ طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے جدید تجرباتی ماڈلز نے معزز مہمانوں، اساتذہ اور عوام کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔
پوسٹر میکنگ مقابلے میں 100 سے زائد طلبہ نے ماحولیات، فلسطین کے مجاہدین، سوشل ڈویلپمنٹ، ٹیکنالوجی، تعلیمی و سماجی مسائل اور تخلیقی آرٹ ورک سے متعلق مختلف موضوعات پر اپنی ذہانت اور تخلیقی سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے معیاری اور خوبصورت پوسٹرز تیار کیے۔ اسی کے ساتھ مسٹر اور مس میتھ میٹکس مقابلے میں طلبہ کی ریاضیاتی استعداد اور تجزیاتی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے خصوصی امتحانات کا انعقاد کیا گیا، جن میں بڑی تعداد میں طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
آج منعقدہ اختتامی تقریب میں تینوں مقابلوں کے نتائج کا اعلان کیا گیا اور ہر مقابلے میں اول، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والے طلبہ کو ٹرافیاں، سرٹیفکیٹس اور خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں ایسے طلبہ جنہوں نے غیر معمولی جدت، بہترین پیشکش یا منفرد کارکردگی کا مظاہرہ
کیا، اُن کے لیے حوصلہ افزائی انعامات کا بھی اہتمام کیا گیا تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید تقویت مل سکے۔

تقریب کی رونق اس وقت دوبالا ہوگئی جب مہمانِ خصوصی کے طور پر ایس آئی او آف انڈیا کے کل ہند صدر جناب عبدالحفیظ صاحب اور نیشنل سیکریٹری جناب طلحہ منان صاحب نے طلبہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ارتفاع جیسے تعلیمی فیسٹیول نوجوان نسل میں تحقیق، سوچ اور تخلیق کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ نسل مستقبل کے تعمیری سفر میں قوم اور سماج کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہوگی۔
تقریب کا اختتام دعا اور طلبہ کی مزید کامیابیوں کی نیک تمناؤں کے ساتھ ہوا۔ پروگرام کے انعقاد میں ایس آئی او ناندیڑ کے ذمہ داران، رضاکاروں اور معاونین کی خدمات کو بھی سراہا گیا جن کی مسلسل محنت سے یہ فیسٹیول کامیابی سے ہمکنار ہوا۔




