ایجوکیشن ایکسپو 2025 میں پھر نںےفنکاروں کو ملا اپنی صلاحیتیں پیش کرنے کا موقع
(اردو کارواں اور واحد قلم فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ڈرائنگ و خطاطی مقابلوں کا کامیاب انعقاد)

رپورٹ( خان افرا ءتسکین)اورنگ آباد | 14 دسمبر 2025اورنگ آباد کے عام خاص میدان میں مائنڈز اِن موشن فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے ایجوکیشن ایکسپو 2025 کے موقع پر اردو کارواں اور واحد کلام فاؤنڈیشن کے اشتراک سے انٹر اسکول ڈرائنگ مقابلہ اور خطاطی (کالی گرافی) مقابلہ کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
ایکسپو کے پہلے دن پانچویں سے ساتویں جماعت کے طلبہ و طالبات کے لیے انٹر اسکول ڈرائنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف اسکولوں کے طلبہ نے نہایت جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیتے ہوئے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اسی طرح خطاطی مقابلہ بھی نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں عمر کی کوئی قید نہیں رکھی گئی تھی، جس کے باعث مختلف عمر کے شرکاء نے اپنے فن اور ذوقِ جمال کا بھرپور اظہار کیا۔

ان دونوں مقابلوں میں مجموعی طور پر تقریباً 1200 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ ان سرگرمیوں کا بنیادی مقصد طلبہ کو ایک ایسا مؤثر اور مثبت پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا جہاں وہ اپنے ہنر، تخلیقی سوچ اور فنکارانہ صلاحیتوں کو نکھار کر عوام کے سامنے پیش کر سکیں۔
اس موقع پر مائنڈز اِن موشن فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر جناب باسط صاحب، واحد کلام فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر جناب واحد فاروقی صاحب، اردو کارواں اورنگ آباد کے صدر جناب عرفان سوداگر صاحب کے علاوہ محترمہ نفیسہ صاحبہ، محترمہ رشیدہ صاحبہ اور محترمہ نزہت صاحبہ بھی موجود تھیں، جنہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے فن کو سراہا۔
منتظمین کے مطابق ان مقابلوں کے نتائج کا باضابطہ اعلان اردو کارواں کے یومِ تاسیس کے موقع پر کیا جائے گا۔ ایجوکیشن ایکسپو 2025 کے تحت منعقد ہونے والی یہ سرگرمیاں طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ، فنونِ لطیفہ سے وابستگی اور تعلیمی بیداری کی جانب ایک مثبت، مؤثر اور قابلِ ستائش قدم ثابت ہو رہی ہیں۔




