اسلامی

جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں ایس آئی آر کی اہمیت سے عوام الناس کو باخبر کرنے اور بی ایل اوز کا ہر ممکن تعاون کرنے کا فیصلہ

قانونی امداد ،تعلیمی وظائف،طبی امداد اوردینی تعلیمی بورڈ وغیرہ کے بجٹ کی منظوری،جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا ریاستی اجلاس 28؍جون کو ممبئی میں متوقع

ممبئی 20؍اپریل جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ریاستی دفتر امام باڑہ میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی مجلس عاملہ کا اجلاس مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی (صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں اراکین اور مدعوئین خصوصی نے شرکت فرمائی۔
قاری محمد ادریس انصاری (نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) کی تلاوت سے 11 ؍بجے پروگرام کا آغاز ہوا، مفتی مرزا کلیم بیگ صاحب نے نعت کے اشعار سنائے، مفتی ابو ایوب قاسمی نے سابقہ اجلاس کی کارروائی پڑھ کر سنائی، جس کی حاضرین نے تائید کی، چنانچہ صدر مجلس نےاس پر اپنے توثیقی دستخط ثبت فرمائے ۔

مفتی محمد یوسف قاسمی (ناظم اعلی جمعیۃ علماء مہاراشٹر) نے پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دئے اسی کے ساتھ ساتھ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی ماہ رمضان المبارک کی وصولی چندہ کی تفصیل بھی حاضرین کو بتائی۔
ایجنڈے کے تحت حسب معمول سابق عصری علوم کے طلبہ و طالبات کووظائف (اسکالر شپ ) دینے کی تجویز منظور کی گئی ، نیز یہ بھی طے کیا گیا کہ سال گزشتہ کے طرز پر تین مرحلوں میں اسکالر شپ کے فارم کا اجراء کیا جائے جس کے متعلق ضروری ہدایات و شرائط اورفارم کے اجراء اور اس کے جمع کرنےکی تاریخوں کا اعلان جلد کر دیا جائے ۔ بعض حاضرین کے مطالبہ پر صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے دفتری عملہ کو یہ ہدایت دی کہ سال گزشتہ اپلوڈ کئے گئے فارم اور ان میں جن کو منظوری دی گئی اور جو مسترد کئے گئے اس کی تفصیل ارکان مجلس عاملہ کو مطالبہ کی صورت میں فراہم کی جائے اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی رکھا جائے۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی نے جو کہ قانونی امداد کمیٹی کی نگرانی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں نہایت تفصیل کے ساتھ جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی کی روداد پیش کی اور بتایا کہ 500؍ سے زائد ملزمین کے مقدمات کی پیروی ملک کی مختلف عدالتوں میں جاری ہے۔ ایک سال کے اندر جمعیۃ علماء مہاراشٹرقانونی امداد کمیٹی کی کوششوں سے۹؍ ملزمین کو پھانسی سے بچایا گیا ہے اور عمر قید کی سزا پانے والے۸؍ ملزمین کو جیل سے رہا کرایا گیا ہے ۔اسی طرح دہشت گردی کے الزام میں ماخوذ ۸؍ ملزمین کی ضمانت کرائی گئی ہے ،فساد برپاکرنے کے الزام میں گرفتار ۹؍مسلم افراد کی ضمانت پر رہائی عمل میں آئی ہے ۔

ساکری فساد میں ملزم بنائے گئے ۱۰؍ لوگوں کی باعزت رہائ ،پھانسی کی سزا پانے والے ۴۵؍ ملزمین کی مختلف عدالتوں میں پیروی کا سلسلہ چل ے۔نیزعمر قید کی سزا پانے والے ۱۲۹؍ملزمین کی اپیلیں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں۔
مولانا نے یہ بھی کہا کہ قانونی امداد کمیٹی بننے کے بعد سے اب تک 336؍افراد کو دہشت گردی کے الزام سے بری کرایا جاچکا ہے ،جبکہ 239؍لوگوں کو ضمانت پر رہاکرایا گیا ہے ۔اسی طرح آئینی مقدمات کی بھی پیروی کی جارہی ہے جس میں عبادت گاہوں کے تحفظ کا قانون،لو جہاد،طلاق ثلاثہ،وراثت کی تقسیم کا مسئلہ و دیگر شامل ہیں ۔

ایس آئی آر کے بارے میں مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ یہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو ووٹ دینے کے حق سے محروم کر دینے کا بہانہ ہے، اور اس کے تدارک کی صورت یہی ہے کہ نوجوانوں کی ٹیم تیار کرکے اس کام میں بی ایل اوز کی معاونت کی جائے، مولانا محمد عارف عمری نے یہ تجویز رکھی کہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی طرف سے الیکشن کمیشن کو یقین دہانی کرائی جائے کہ ہم بی ایل اوز کی مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔

جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد یوسف قاسمی نےحاضرین مجلس کو اطلاع دی کہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے مخیرین کے جذبہ و حوصلہ میں سال بہ سال ترقی ہوتی جا رہی ہے، جس پر ہم بارگاہ الہی میں سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔
انہوں نے سال رواں 2026-27کے لئے تعلیمی وظائف،طبی امداد،دینی تعلیمی بورڈ اور قانونی امداد وغیرہ مدات کے لئے بجٹ (رقم مختص ) کی منظوری حاصل کی، صوبائی مجلس منتظمہ کے اجلاس کے بارے میں طے پایا کہ شہر ممبئی میں 28؍جون کو منعقد کیا جائے گا ۔ان شاء اللہ ،مقام کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی کی دعا پر اجلاس اختتام کو پہونچا۔
اس اجلاس کے شرکاء میں مولانا حلیم اللہ قاسمی،مولانا محمد عارف عمری،قاری محمد ادریس انصاری،قاری عبد الرشید حمیدی،مفتی محمد یوسف قاسمی،مولانا اشتیاق احمد قاسمی ،مفتی حفیظ اللہ قاسمی ،حافظ محمد عارف انصاری،مولانا زبیر احمد صدیقی،مولانا عبد الصمد قاسمی،مولانا محمد اسید قاسمی،مفتی محمد اسماعیل قاسمی،مولانا عبد القیوم قاسمی ،الحاج مشتاق احمد صوفی،مفتی مرزا کلیم بیگ ندوی ،مفتی محمد انیس الدین اشرفی،حافظ شیر خان ،سراج الدین خان،مولانا محمد اسماعیل قاسمی،مفتی افضل حسین قاسمی،مفتی لئیق احمد قاسمی،حمید اللہ اجمعین شیخ ،مولانا عظیم الدین ندوی ،الحاج گلزار احمد شیخ،الحاج محمد صغیر خان،حافظ محمد علی ملا،مفتی محمد اسلم قاسمی ،حافظ عبد العظیم شاہ،مختار احمد گلزار احمد اعظمی،الحاج قریش احمد صدیقی قابل ذکر ہیں ۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!