جمعیۃ علماء ضلع جالنہ کی سیرت پاک مہم کے اختتام پرتقسیم انعامات کا عظیم الشان اجلاس
نبی کریم ﷺکی تعلیمات روشنی کا مینار ہیں جو زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی فراہم کرتے ہیں: مولاناسید ازہر مدنی

جالنہ : جمعیۃ علماء ارشد مدنی ضلع جالنہ کی سیرت پاک مہم 2026 کے اختتام پر تقسیم انعامات کا عظیم الشان جلسہ اردو ہائی اسکول جالنہ کے پرشکوہ ہال میں مفکر اسلام مولانا حلیم اللہ قاسمی مدظلہ صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر و نائب امیر شریعت مہاراشٹر کی صدارت میں پورے تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں مہمان مدعو خصوصی کے طور پر خطیب العصر حضرت مولانا سید ازہر مدنی مدظلہ ناظم اصلاح معاشرہ جمعیۃعلماء ہند و فرزند رشید مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم صدر جمعیۃ علماءہند نے شرکت کی۔
مولانا سید ازہر مدنی نے اپنی جامع و مؤثر خطاب میں فرمایا کہ ہمیں جو عزت نصیب ہوئی ہے، وہ رسول اللہ ﷺکی غلامی کی وجہ سے ملی ہے،اس لیے اسلام کی سربلندی کے لیے کام کرو اور اسلام پر فخر کرو۔ محمدِ عربی ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرو۔ ان شاء اللہ تمہیں کسی کے سامنے جھکنا نہیں پڑے گا، نہ یورپ کے سامنے، نہ امریکہ کے سامنے اور نہ کبھی باطل کے سامنے شرمندہ ہونا پڑے گا۔
مولانا مدنی نے جمعیۃعلماء ضلع جالنہ سیرت پاک مہم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے فرمایاکہ اس کے ذریعہ ان شاءاللہ ان بچوں کی زندگی سیرت سرور کائنات کے سانچے میں ڈھالنےکا مزاج پیدا ہوگانیز حضورﷺ کی ذات گرامی سے تعلق ووابستگی ،محبت و وارفتگی کا جذبہ پروان چڑھےگا جو مومن کی زندگی کی معراج ہے۔

مفکر اسلام مولانا حلیم اللہ قاسمی صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے اپنےصدارتی خطاب میںفرمایا کہ سیرت رسول ﷺ کا ایک اہم اور خاص پہلو یہ ہے کہ دنیا میں جتنی بھی بااثر اور عظیم شخصیات ہوئیں،ان کی حالات زندگی، عادات و اطوار،اعمال و افعال،افکار و خیالات اتنے محفوظ نہیں ہیں جس طرح رسو ل اللہ ﷺ کی سیرت و سوانح کا مکمل باب تحریری و عملی شکل میں دنیا کے سامنے موجود و محفوظ ہے، اس لئے ہمیں زندگی کے کسی پہلو و گوشے کے لئے کسی اور جگہ سے رہنمائی و رہبری حاصل کرنے کی ضرورت نہیں رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات ہمارے لیے کافی ہیں۔
اس سے قبل مولانا سید نصر اللہ حسینی سہیل ندوی صدر جمعیۃ علماء ضلع جالنہ نے پچھلے ڈیڑھ ماہ سے پورے ضلع جالنہ کے 25؍اسکول و کالج میں سیرت پاک مہم کے کامیاب پروگراموں کے منعقد ہونے اور اسکی جملہ تفصیلات ہیش کیں- ان پروگراموں میں 302 ؍طلبہ و طالبات نے تقاریر کیں، جن میں 22 ؍ اول پوزیشن اور 23 ؍دوم پوزیشن اور 25؍ سوم پوزیشن سے کامیاب ہوئے ،اس طرح 70 ؍طلبہ وطالبات کو قیمتی انعامات سے نوازا گیا اور اس مہم کے دوران تمام اداروں کے مجموعی طور پر 15350 ؍طلبہ وطالبات نے استفادہ کیا، آپ نے تمام اداروں اور انکی انتظامیہ اور تعلیمی اسٹاف کے قیمتی اور گراں قدر تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
مفتی حفیظ اللہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر اپنے دلنواز انداز میں عصری اداروں کے طلباء وطالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ ہر شخص کے لیے مشعلِ راہ اور راہ نما اصول ہے،جس پر چل کر ہر شخص اپنی دینی،سماجی، معاشی، عائلی اور خانگی زندگی میں انقلابِ عظیم برپا کرسکتا ہے، مفتی مرزا کلیم بیگ ندوی صدر جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ نے جمعیۃ علماء ضلع جالنہ کو ایک مثالی جمعیۃ سے تعبیر کیا اور کہا یہ جمعیۃ مسلسل دینی اصلاحی اور تحریکی سرگرمیوں میں مصروف عمل رہتی ہے ۔ قاری عبد الرشید حمیدی نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے سیرت پاک مہم کے دوران تقاریر مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے ضلع جالنہ کے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کی ۔
محمد افتخار الدین نائب صدر جمعیۃ علماء و سکریٹری انجمن اشاعت تعلیم جالنہ نے اپنے ادارہ اردو ہائی اسکول و جونئیر کالج کی شاندار تعلیمی کارکردگی کی تفصیلات رکھیں، جبکہ نبیل سر پرنسپل و ہیڈ ماسٹر ادارہ اردو ہائی اسکول جالنہ نے اس اجلاس کو کامیاب طریقہ سے منعقد کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ مولانا عیسیٰ خان کاشفی نائب صدر جمعیۃعلماء و محمد قاسم اعجاز صدیقی سکریٹری جمعیۃ علماءنے مہمانان خصوصی کا استقبال کیا اور سیرت پاک مہم کے نمایاں طلبہ وطالبات کے درمیان قیمتی انعامات مہمان علماء کے ہاتھوں تقسیم کئے۔
مولانا محمد اشتیاق قاسمی خازن جمعیۃعلماء مہاراشٹر و مقامی علماء کرام مولانا عبد الرؤف ندوی صدر مولانا علی میاں فاؤنڈیشن، مفتی انیس الرحمٰن ندوی، مفتی کوثر آفاق، مولانا ابراہیم ندوی،مولانا عمران خان ندوی صدر جمعیۃ علماء تعلقہ بھوکردن، حافظ عبد الحفیظ صدر جمعیۃ علماء ضلع ناندیڑ، حافظ شیر خان صدر جمعیۃ علماء ضلع اورنگ آباد، حافظ عبید سکریٹری جمعیۃ علماء ہنگولی،حافظ ہارون پٹھان صدر جمعیۃعلماء بدناپور، حافظ ڈاکٹر محمد شباب باغبان صدر جمعیۃعلماء تعلقہ منٹھا، حافظ محمد سلیم بیتی صدر جمعیۃ علماء جعفرآباد،
سیاسی و سماجی شخصیات میں اقبال پاشاہ بزرگ قائد جالنہ، عبد الحفیظ پترکار، شیخ عبد الوحید صدر الھدیٰ اردو ہائی اسکول جالنہ، الحاج احمد بن سعید چاؤش، شیخ مجیب سکریٹری جماعت اسلامی مہاراشٹر، اقبال قریشی صدر سرسید احمد خان اردو اسکول، ایوب خان جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع جالنہ، عمران خان عرف گڈو کارپوریٹر، ایڈوکیٹ محمد فاروق ٹنڈی کارپوریٹر ایڈوکیٹ محمد اشفاق کاغذی، حاجی محمد سلیم باوا، فیصل العمودی نائب صدر جمعیۃعلماء بھوکردن وغیرہ موجود تھے۔ جلسہ کا آغاز حافظ قاری محمد شعیب کی تلاوت قرآن سے ہوا اور نعت شریف حافظ قاری محمد معاذ نے اپنے مسحور کن انداز میں پیش کیا، مفتی انیس الرحمٰن ندوی نے نظامت کے فرائض بخوبی و احسن طریقہ سے انجام دیئے۔
جلسہ گاہ طلبہ وطالبات، ان کے سرپرستوں اور دیگرمعزز حاضرین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، محمد قاسم اعجاز صدیقی سکریٹری جمعیۃ علماء شہر نے تمام شرکاء اجلاس کے لئے کلمات تشکّر ادا کئے اور مولانا سیدازہر مدنی دامت برکاتہم کی دعا پر یہ اجلاس ختم ہوا۔
جلسہ کو کامیاب بنانے میںجمعیۃ علماء کے تمام ارکان مولانا عیسیٰ خان کاشفی،حافظ عبد السلام، شارق انور قریشی،عطا محمد بخشی، ایڈوکیٹ محمد اشفاق کاغذی، مولاناعبد اللہ سراجی، مفتی نعمان ندوی،حافظ عبد الواجد،حافظ ایوب انصاری،بابو بھائی،احتشام الدین باغبان، مولانا غلام حقانی، سید محمد اعجاز وغیرہ نے قابل تعریف جدوجہد کی۔




