مسجد نور ڈونگری میں انجمن اہل السنۃ والجماعۃ کا تعزیتی و مشاورتی اجلاس منعقد

ممبئی، 15 جون 2026: گزشتہ کل مسجد نورڈونگری میں انجمن اہل السنۃ والجماعۃ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں انجمن کے ذمہ داران، علماء کرام اور متعدد اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس حضرت قاری محمد صادق صاحب دامت برکاتہم نائب صدر انجمن کی تشریف آوری و اجازت پر اجلاس باضابطہ شروع ہوا۔ دعوت نامے کے مطابق حضرت مولانا زین الدین خان قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کو خراج عقیدت اور ان کے لیے دعاؤں کا اہتمام اور ایصال ثواب کیلئے اور انجمن کے مشاورت کے سلسلے میں یہ اجلاس رکھا گیا تھا۔
اجلاس کا آغاز جناب مولانا محمد زاہد قاسمی صاحب نائب مہتمم جامعہ عربیہ معراج العلوم چیتا کیمپ* کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔
بعد ازاں انجمن کے جنرل سیکریٹری مولانا رشید ندوی صاحب نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے مرحوم مولانا زین الدین خان صاحب کی دینی، ملی، تنظیمی اور اصلاحی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مولانا موصوف نے فرمایا کہ حضرت مولانا رحمۃ اللّٰہ علیہ علماء دیوبند کے مسلکِ اہل السنۃ والجماعت کی صحیح ترجمانی اور اس کی نشر و اشاعت کے لئے تقریر و تحریر ہرسطح پر جدو جہد کرتے رہے، اور تحفظ سنت و عظمت صحابہ کے کئی اجلاس میں مختلف کتب شائع کرکے تقسیم کا اہتمام فرمایا ۔
اس موقع پر مفتی سعید الرحمن فاروقی قاسمی صاحب رکن تاسیسی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و سیکرٹری انجمن اہل السنۃ والجماعۃنے سابق صدر محترم علیہ الرحمۃ کی بلند اخلاقی صفات، وسیع النظری، حسنِ قیادت اور اخلاص و للّٰہیت پر روشنی ڈالی اور ان کی خدمات کو ملت کے لیے ایک قیمتی سرمایہ قرار دیا، موصوف نے مزید گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ حضرت مولانا زین الدین خان قاسمی صاحب رحمۃ اللّٰہ علیہ کی فکر و مشن کو جاری رکھنا ہی حقیقی خراج عقیدت ہے، آپ نے فرمایا کہ حضرت رحمۃ اللّٰہ علیہ نے انجمن کے کام کو اور مشن کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا رکھا تھا، ہمیں بھی اسی نہج پر انجمن کے لیے خدمات انجام دینا ہے
اس موقع پر رکن انجمن جناب مولانا نظر الباری ندوی صاحب نے حضرت والا رحمۃ اللّٰہ علیہ کے حوالے سے حاضرین مجلس کو آگاہ کیا کہ کس طرح انجمن اہل السنۃ والجماعۃ کے دائرہ عمل کو وسیع کرنے کے لئے کوشاں تھے، اور انہیں کی فکر اور توجہ دلانے پر ممبرا کی سرزمین پر علماء دیوبند کے اہل السنۃ والجماعۃ کا صحیح نقطۂ نظر عام مسلمانوں تک پہنچانے کے لیے ممبرا کے علمائے کرام اور نوجوانان اہل السنۃ والجماعۃ کے تعاون سے سیرت النبی کانفرنس کے عنوان پر متعدد کامیاب اجلاس منعقد کیے، اور تحفظ سنت کے عنوان پر متعدد مساجد میں کئی ماہ تک ماہانہ پروگرام کا سلسلہ بھی رہا۔
*انجمن کے نائب صدر عالی قدر جناب قاری محمد صادق صاحب مدظلہ بانی و مہتمم جامعہ عربیہ معراج العلوم چیتا کیمپ* نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے فرمایا کہ حضرت مولانا زین الدین خان قاسمی علیہ الرحمہ بہت سی خصوصیات کے حامل تھے ، متواضع اور خاموش طبع تھے، ایک اہم صفت یہ تھی کہ اپنی کسی رائے پر اصرار و ضد ان کے مزاج میں بالکل نہیں تھا م، جو انہیں دوسروں سے ممتاز کرتا تھا ۔
خراج عقیدت اور تعزیتی گفتگو کے بعد انجمن کے انتخاب کے حوالے سے یہ تجویز منظور ہوئی کہ چونکہ متعدد اراکین کی جگہیں خالی ہیں اس لیے باضابطہ انتخابی اجلاس رکھا جائے گا، اور اس وقت تک انجمن کے بعض اہم اور بنیادی کاموں کے لئے ایک کارگزار صدر طے کیا جانا ضروری ہے اس سلسلے میں مفتی سعید الرحمن فاروقی قاسمی صاحب رکن تاسیسی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا نام پیش کیا گیا ہے ، اور باتفاق رائے حضرت والا دامت برکاتہم کو باضابطہ انتخابات تک کے لیے کارگزار صدر منتخب کیا گیا ہے، شرکاء مجلس نے موصوف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، اور ساتھ دینے کی بھی یقین دہانیاں کرائیں ۔
واضح رہے کہ انجمن اہل سنت والجماعت ممبئی شہر میں مسلک علماء دیوبند کی ایک نمائندہ ترجمان جماعت ہے، مسلک دیوبند سے منسوب تمام تنظیموں اور تمام ملی جماعتوں، مکاتب و مدارس اور اداروں کے ذمہ دار علمائے کرام اس انجمن سے وابستہ ہیں، اور انجمن اکابر علماء کرام کی نگرانی و سرپرستی میں ملت اسلامیہ کو صحیح عقائد اور صحیح فکر و نظر کی رہنمائی کر رہی ہے ، اور انہی اکابرین میں سے ایک اہم نام مہاراشٹر کے مفتی اعظم حضرت مولانا مفتی عزیز الرحمن صاحب دامت برکاتہم العالیہ کا بھی ہے حضرت اس انجمن کے باضابطہ سرپرست ہیں ، فللہ الحمد اجلاس کے اختتام پر قاری محمد صادق صاحب دامت برکاتہم العالیہ نے مرحوم مولانا زین الدین خان صاحب کی مغفرت، انجمن کی ترقی اور ملتِ اسلامیہ کی فلاح و کامیابی کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔ دعا کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
شرکاء اجلاس میں قاری محمد صادق صاحب مولانا مفتی سعید الرحمن صاحب مولانا رشید احمد ندوی صاحب قاری محبوب اللّٰہ صاحب امام نور مسجد ڈونگری جناب مولانا ولی الرحمن قاسمی صاحب مہتمم مدرسہ تعلیم القران کینا مارکیٹ گوونڈی، مولانا شفیق الرحمن ندوی صاحب مولانا محمد زاہد قاسمی صاحب ، مولانا نظرالباری ندوی صاحب وغیرہم کے اسمائے گرامی قابلِ ذکر ہیں ۔ اس کے علاوہ دیگر شرکاء بھی موجود تھے۔
*بقلم: عبد الباسط قاسمی رکن مجلس عاملہ انجمن اہل السنۃ والجماعۃ ، ممبئی*




