ناندیڑ واگھلا شہر مہانگر پالیکا اسکول نمبر ۱۲ حیدر باغ میں تقریبِ داخلہ اور تعلیمی لازمات کی تقسیم جوش و خروش کے ساتھ منعقد

ناندیڑ: ناندیڑ واگھلا شہر مہانگر پالیکا اسکول نمبر ۱۲، حیدر باغ، ناندیڑ میں نئے تعلیمی سال 2026-27 کے آغاز پر تقریبِ داخلہ نہایت شاندار اور پُرجوش ماحول میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر پہلی جماعت میں داخلہ لینے والے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کا گلاب کے پھول پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تقریب میں معروف ماہرِ تعلیم ڈاکٹر ہنومانت راٹھی صاحب مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔

اسکول کے صدر مدرس جناب راجہ پٹیل سر نے تمہیدی خطاب میں تمام مہمانان، والدین اور طلبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی ایک ایسا ذریعہ ہے جو بچوں کو روشن مستقبل، بہتر کردار اور کامیاب زندگی عطا کرتی ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم، حاضری اور روزمرہ کی تعلیمی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہانگر پالیکا اسکول نمبر ۱۲ میں بچوں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے معیاری تعلیم، تربیت اور مختلف تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر ہنومانت راٹھی صاحب نے طلبہ و طالبات کو علم حاصل کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں تعلیم کامیابی کی کنجی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ بچہ اپنے خاندان، سماج اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کی تعلیم میں بھرپور دلچسپی لیں، ان کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں مستقل مزاجی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں جو بچوں کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھتے ہیں۔

تقریب کی ایک اہم خصوصیت یہ رہی کہ تعلیمی سال کے پہلے ہی دن اسکول میں حاضر ہونے والے تمام طلبہ و طالبات میں مفت تعلیمی لازمات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر بچوں کو درسی کتابیں، نوٹ بکس، قلم، پنسل، ربڑ اور دیگر ضروری تعلیمی مواد فراہم کیا گیا تاکہ وہ تعلیمی سال کا آغاز بھرپور جوش اور اعتماد کے ساتھ کر سکیں۔ تعلیمی لازمات حاصل کرنے پر طلبہ و طالبات کے چہروں پر خوشی اور مسرت نمایاں تھی۔ والدین نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے مہانگر پالیکا انتظامیہ اور اسکول کے اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر اسکول کے تمام اساتذہ و معلمات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ تقریب میں حصہ لیا اور طلبہ و طالبات کی رہنمائی کی۔ والدین حضرات نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کرکے تقریب کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ تقریب خوشگوار اور تعلیمی ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور نئے داخل شدہ طلبہ و طالبات کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔




