کے آر ایم مہیلا کالج ناندیڑ میں توسیعی لیکچر کا اہتمام

ناندیڑ:- 15؍ اکتوبر (راست):- شعبہ اردو کے آر ایم مہیلا مہا ودیالیہ ناندیڑ کی جانب سے طلبہ کو ڈی ٹی پی اور ڈیزائننگ کی بنیادی معلومات فراہم کرنے، اردو ڈی ٹی پی کے ذریعے روزگار کے مواقع اور طلبہ میں اسکل ڈیولپمنٹ کی خاطر ایک خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔ اسماک پبلی کیشنز کے مالکان اطہر کلیم احمد (مدیر ماہنامہ اقراء) اور سید رشید اللہ حسینی (مدیر روزنامہ بول چال) نے اس لیکچر میں بطور خاص شرکت کر طالبات کو انپیج اردو سے متعلق بنیادی معلومات، اسے استعمال کرنے کا طریقہ کار اور بالخصوص اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے نیز اردو ڈی ٹی پی اور گرافک ڈیزائننگ سیکھنے کے بعد روزگار کے مواقعوں پر روشنی ڈالی۔ واضح ہو کہ نئی تعلیمی پالیسی کے تحت گریجویشن کے طلبہ میں اسکل ڈیولپمینٹ اور انھیں روزگار کے قابل بنانے کے لئے نصاب میں چند اضافی مضامین شامل کئے گئے ہیں۔
جس کے تحت مختلف کالجز میں اس طرح کے خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اسی ضمن میں آج مہیلا مہاودیالیہ ناندیڑ میں بھی اس خصوصی توسیعی لیکچر کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت کالج ہذا کی پرنسپل ڈاکٹر وجیا دیشمکھ صاحبہ نے کی۔ جبکہ پروگرام میں صدر شعبہ اردو پروفیسر شیخ ہما کوثر، لیکچرار ڈاکٹر فرزانہ بیگم اور محمد اسماعیل سر بھی شریک رہے۔ ان کے علاوہ گریجویشن کے سال اول، دوم اور سوم کی طالبات نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
پروفیسر شیخ ہما کوثر نے لیکچر کے بعد اپنے خطاب میں اس بات کو واضح کیا کہ کسی ہنر کو سیکھنے کے لئے ایک یا دو لیکچرز کافی نہیں ہوتے، ساتھ ہی انھوں نے یہ عزم بھی ظاہر کیا کہ طلبہ کی رہنمائی کے لئے آئندہ بھی شعبہ اردو کی جانب سے اس طرح کے پروگرامس کا اہتمام کیا جاتا رہے گا۔ پرنسپل ڈاکٹر وجیا دیشمکھ نے طالبات کی رہنمائی کے تئیں شعبہ اردو کی کاوشوں کو سراہا اور اس طرح کے مزید پروگرامس کے انعقاد کی تلقین کی۔دوران لیکچر طالبات نے اردو ڈی ٹی پی اور ڈیزائنگ سے متعلق مختلف سوالات کے ذریعے اپنی معلومات میں اضافہ کیا۔ پروگرام کی نظامت محمد اسماعیل سر نے کی، ڈاکٹر فرزانہ بیگم سر کے اظہار تشکر پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔




