ایجوکشن

ڈاکٹر سیدہ زفا انام نے ایم بی بی ایس مکمل کر کے الرضوان ادارے کا نام روشن کردیا

ناندیڑ، 13 جون (راست): الرضوان جونیئر کالج اینڈ گروپ آف اسکولس کے لیے یہ انتہائی خوشی، فخر اور اعزاز کا موقع ہے کہ ادارے کی سابقہ ذہین و باصلاحیت طالبہ ڈاکٹر سیدہ زفا انام دختر سید متین اللہ قادری نے مہاراشٹر کے گورنمنٹ میڈیکل کالج، گونڈیا سے ایم بی بی ایس کی تعلیم شاندار کامیابی کے ساتھ مکمل کرلی ہے۔

اس اہم موقع پر الرضوان گروپ آف اسکولس کے ڈائریکٹر عبدالرشید سر اور پرنسپل سیدہ تحسین فاطمہ نے ڈاکٹر سیدہ زفا انام کی گلپوشی کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور ان کی نمایاں کامیابی کو ادارے کے لیے باعثِ افتخار قرار دیا۔

ڈاکٹر سیدہ زفا انام کی تعلیمی زندگی الرضوان ادارے سے ہی وابستہ رہی۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم ایل کے جی سے دسویں جماعت تک الرضوان انگلش اسکول میں حاصل کی، جبکہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کی تعلیم الرضوان جونیئر کالج سے مکمل کی۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ انہوں نے نیٹ (NEET) امتحان کی تیاری بھی اسی ادارے سے کی۔

تعلیمی سفر کے دوران ڈاکٹر زفا انام نے مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وہ دسویں جماعت، بارہویں جماعت اور نیٹ امتحان میں نمایاں کامیابی کے ساتھ ٹاپر رہیں۔ بعد ازاں انہوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج، گونڈیا سے ایم بی بی ایس کی تعلیم بھی کامیابی سے مکمل کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

ڈاکٹر سیدہ زفا انام کی یہ کامیابی محنت، لگن، مستقل مزاجی اور تعلیمی قابلیت کا روشن ثبوت ہے۔ ان کی کامیابی نہ صرف الرضوان جونیئر کالج اینڈ گروپ آف اسکولس کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ ڈاکٹر بننے کا خواب دیکھنے والے طلبہ و طالبات کے لیے ایک بہترین مثال اور حوصلہ افزا نمونہ بھی ہے۔

ادارے کے ذمہ داران نے ڈاکٹر سیدہ زفا انام کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ طب کے مقدس پیشے میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گی اور قوم و ملت کی بہترین خدمت انجام دیں گی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر سیدہ زفا انام کی کامیابی کئی اعتبار سے منفرد اہمیت رکھتی ہے۔ ناندیڑ کی تعلیمی تاریخ میں شاید یہ پہلا موقع ہو کہ کسی طالبہ نے اپنی پوری تعلیمی زندگی ایک ہی تعلیمی ادارے کے زیرِ نگرانی مکمل کی ہو۔ ایل کے جی سے لے کر نیٹ امتحان کی تیاری تک تمام تعلیمی مراحل الرضوان کے نظامِ تعلیم کے تحت مکمل ہونا ادارے کے معیاری تعلیمی ماحول اور اساتذہ کی محنت کا عملی ثبوت سمجھا جارہا ہے۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!