کنوٹ میں ڈسٹرکٹ اینڈ ایڈیشنل سیشنز کورٹ اور سینئر ڈویژن سول کورٹ کے قیام کی منظوری!

کنوٹ (اکرم چوہان): ریاستی کابینہ نے کنوٹ میں ڈسٹرکٹ اینڈ ایڈیشنل سیشنز کورٹ، پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر اور سینئر ڈویژن سول کورٹ کے قیام کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ محکمہ قانون و عدلیہ نے ضروری عدالتی افسران اور عملے کی آسامیوں کے ساتھ ساتھ متعلقہ اخراجات کی ادائیگی کے لیے درکار مالیاتی انتظامات کی بھی منظوری دے دی ہے. کنوٹ اور اس کے آس پاس کے علاقوں کے شہریوں، مقدمہ بازوں اور وکلاء کو انصاف کے حصول کے لیے پہلے ناندیڑ یا دیگر دور دراز مقامات کا سفر کرنا پڑتا تھا۔
اس دشواری کو محسوس کرتے ہوئے، رکن اسمبلی بھیم راؤ کیرام نے کنوٹ میں ایک ’ایڈیشنل سیشنز کورٹ‘ (اضافی سیشن عدالت) کے قیام کی منظوری حاصل کرنے کے لیے ریاستی حکومت کے ساتھ مسلسل اور بھرپور کوششیں کیں۔ بالآخر، ان کی مخلصانہ کاوشیں نمایاں کامیابی سے ہمکنار ہوئیں.کنوٹ کے لیے ایڈیشنل سیشنز کورٹ اور سول کورٹ کی منظوری کی خبر ملنے پر مقامی شہریوں اور وکلاء برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔




