ناندیڑ میں جلوسِ عید میلادالنبی ﷺ8؍ستمبر کو نکالا جائے گا

ناندیڑ: 29؍اگست (پریس ریلیز)8ستمبر بروز پیر شہر میں جلوسِ عید میلادالنبی ﷺ کا انعقاد کیا جائے گا۔ امسال عید میلادالنبی ﷺ 5ستمبر 2025 ء بروز جمعہ کو تھی، لیکن 6ستمبر کو گنیش وسرجن کے پیش نظر شہر میں امن و امان اور ہم آہنگی قائم رکھنے کے لیے مرکزی میلاد کمیٹی کے عہدیداران و اراکین نے پولیس انتظامیہ کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔ اس میٹنگ میں یہ طے کیا گیا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی جلوس ضرور نکالا جائے گا لیکن تاریخ میں تبدیلی کرتے ہوئے 8ستمبر بروز پیر کو جلوسِ عید میلادالنبی ﷺ منعقد کیا جائے گا۔ناندیڑ شہر میں تقریباً 40 سال سے مرکزی میلاد کمیٹی کے تحت جلوس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
اس جلوس کی قیادت علمائے اہلِ سنت کی سرپرستی میں کی جاتی ہے۔ جلوس صبح 9:30بجے نظام کالونی سے روانہ ہوگا اور سری نگر، آئی ٹی آئی، شیواجی نگر، اوور برج، کلا مندر، وزیرآباد چوک، سرکاری اسپتال، مہاتما گاندھی مجسمہ، مہاویر چوک، گردوارہ چوک، ایم جی ایم روڈ اور پرانا مونڈھا کے راستے سے گزرتا ہوا محمد علی روڈ واقع آستانہ حضرت مستان شاہ ولی ؒدرگاہ کے میلاد گراؤنڈ پر اختتام پذیر ہوگا۔
اس جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں برادران اہل سنت شامل ہوں گے جو حضور اکرم ﷺ پر درود و سلام اور نعت شریف کا ورد کرتے ہوئے اور اہلِ سنت کے مذہبی نعرے لگاتے ہوئے پرامن طریقے سے جلوس میں شریک ہوں گے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی ڈی جے اور بغیر سائلنسر کے دو پہیہ گاڑیوں پر پابندی عائد رہے گی۔جلوس کے میلاد گراؤنڈ پہنچنے کے بعد علمائے اہلِ سنت کے بیانات ہوں گے اور ظہر کی نماز ادا کی جائے گی، جس کے بعد جلوس میں شریک سنّی مسلم بھائیوں کے لیے نیاز (کھانے) کا اہتمام مرکزی میلاد کمیٹی ناندیڑ کی جانب سے کیا جائے گا۔ یہ اطلاع مرکزی میلاد کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں دی گئی ہے۔




