ادریس پٹیل سماج وادی پارٹی کے دھرم آباد سٹی صدر منتخب

ناندیڑ (نامہ نگار): دھرم آباد کے معروف سماجی کارکن اور بھرشٹاچار ویرودھی سمیتی کے سٹی صدر جناب ادریس بیگ خواجہ بیگ (پٹیل) نے اتوار 15 ستمبر کو ایک عوامی تقریب میں سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر انہیں پارٹی کی جانب سے دھرم آباد سٹی صدر کے عہدے پر منتخب کیے جانے کا اعلان کیا گیا۔
تقریب میں سماج وادی پارٹی کے پرنسپل سکریٹری مہاراشٹر پرویز صدیقی، ریاستی نائب صدر ڈاکٹر پی۔ ڈی۔ جوشی (اردھاپورکر)، ریاستی سکریٹری جاوید خان، مراٹھواڑہ صدر ساجد صدیقی، ناندیڑ ضلع صدر عابد پٹیل، سابق سٹی نائب صدر DMC یونس خان سمیت لاتور، ناگپور، پربھنی اور مراٹھواڑہ کے دیگر عہدیداران موجود تھے۔
اپنے خطاب میں ادریس پٹیل نے کہا کہ وہ مہاراشٹر میں ابو عاصم اعظمی کی قیادت اور محروم طبقات کے لیے سماج وادی پارٹی کی سرگرمیوں سے متاثر ہو کر پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ بہت جلد ایک عظیم الشان جلسے میں سینکڑوں کارکن پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔
پٹیل کی تقرری پر دھرم آباد شہر میں مسرت و جوش کا ماحول ہے۔ دوستوں، ساتھیوں اور خیرخواہوں نے انہیں مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔




