شہر

ناندیڑ: گوداوری ندی کے سیلاب سے ندی کنارے بستیوں میں پانی داخل، رہنے والوں کو شدید مشکلات – ایس ڈی پی آئی نے پہنچائی فوری راحت

ناندیڑ شہر اور اطراف کے علاقوں میں گوداوری ندی کو آئے سیلاب نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ ندی کنارے واقع بستیوں میں رات سے ہی پانی گھروں میں داخل ہونا شروع ہوگیا، جس کے سبب شہریوں کو گھروں سے سامان باہر نکالنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے میں سخت دشواریاں پیش آئیں۔ خواتین اور بچوں کو رات بھر جاگ کر گزارنا پڑا جبکہ بزرگ اور بیمار افراد کو نکالنے میں بھی کافی دشواریوں کا سامنا رہا۔

بستیوں میں گھروں کے اندر گھٹنے تک پانی داخل ہوگیا ہے اور برتن، کپڑے، بستر اور روزمرہ استعمال کا سامان خراب ہوگیا ہے۔ کئی خاندان اپنے گھروں کو چھوڑ کر رشتہ داروں یا سرکاری اسکولوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

ایسے نازک حالات میں سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) نے متاثرہ عوام کی فوری امداد کے لیے قدم بڑھایا۔ پارٹی کے کارکنان نے موئین پورہ اور ناگھاٹ علاقے میں جاکر متاثرہ خاندانوں کو کھانا پہنچایا اور ان کے حوصلے بلند کیے۔ ایس ڈی پی آئی کے اس اقدام کو مقامی عوام نے سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں ان کی فوری امداد نے دلوں کو سکون بخشا۔

اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے ضلعی صدر احمر ندیم، ضلعی نائب صدر محمد شفیق، ضلعی جنرل سکریٹری عبدالحسیب، ضلعی کمیٹی ممبران عتیق الرحمن، محمد رفیق سر، اکبر خان اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پارٹی آنے والے دنوں میں بھی ضرورت مندوں کے درمیان راحتی سامان اور کھانے پینے کی اشیاء پہنچاتی رہے گی تاکہ کوئی بھی متاثرہ خاندان بھوکا نہ رہے۔

مقامی عوام نے انتظامیہ سے بھی اپیل کی ہے کہ فوری طور پر ندی کنارے کی بستیوں میں ریلیف کیمپ قائم کیا جائے، پینے کے پانی اور صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ مزید مشکلات سے بچا جا سکے۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!