سابقہ ڈپٹی میئرعبدالغفارسیلاب متاثرہ علاقوں کے مسائل افسران کے سامنے پیش
وارڈ نمبر 12، 13 اور 14 کے دورہ کے موقع پر سابق میئر و دیگر عوامی نمائندوں کی کوشش

ناندید : آج 28 ستمبر 2025 کو ناندید شہر کے وارڈ نمبر 12، 13 اور 14 میں پیدا شدہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کمشنر صاحب، ایڈیشنل کمشنر ناندید میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ افسران نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر شہر کے سابق میئر عبدالستار، سابقہ ڈپٹی میئر عبدالغفاراور سماجی رہنما عبدالمختار سیٹھ (بلو) نے شہریوں کے مسائل افسران کے سامنے رکھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیلاب متاثرین کو فوری طور پر سرکاری سطح پر امداد فراہم کی جائے، جس میں مالی مدد، راشن اور عارضی رہائش شامل ہو۔
ندی کنارے بستیوں کے عوام کی منتقلی، پینے کے پانی کی قلت، طبی سہولیات کی کمی اور سرکاری اسکولوں و عمارتوں میں پناہ لینے والے متاثرین کی مشکلات کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ اس دوران بڑی تعداد میں مقامی شہری موجود تھے۔
عوامی نمائندوں کی ان کوششوں سے توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو جلد ہی حکومت کی جانب سے راحت اور سہولتیں میسر آئیں گی۔




