جمعیۃ علماۓ ہند (ارشد مدنی) کی جانب سے ناندیڑ میں سیلاب زدگان میں 2000 راشن کِٹ تقسیم

ناندیڑ (نمائندہ خصوصی)
حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو جبراً مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان محروم شہریوں کی فوری مدد کے لیے جمعیۃ علماۓ ہند (ارشد مدنی)، ناندیڑ کی جانب سے آج اے آر گارڈن، مجام پیٹھ میں دو ہزار (2000) راشن کِٹ متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کی گئیں۔

تقریب کا آغاز متاثرین کی صورتِ حال اور تقسیم کے طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ سے ہوا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی تحصیلدار جناب سنجے وا ركڑ اور پروٹھا افسر رٹھوڑ نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت جمعیۃ علماۓ ہند، ضلعی صدر حافظ عبدالحفیظ نے کی۔ دیگر شرکاء میں شہر صدر قاضی محمد رفیق، حافظ سلیم ملی، حافظ جاوید،حافظ عیسیٰ، مولانا صادق اشاعتی، حافظ عبد الجبار، حافظ غوث، مولانا انیس، حافظ سعید، حافظ انور، مفتی اظہارالحق قاسمی، حافظ عبدکلیم، حافظ خلیل احمد, محمد عبدالمعز حافظ محمد خالد عبید لالہ حذیفہ شاھد عبدالسلام حافظ اور جمعیۃ کے دیگر ارکان موجود تھے۔
حاضرين اور منتظمین نے بتایاگزشتہ چند روز میں آنے والی موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے کئی گھروں کو شدید نقصان پہنچا، اور کئی خاندان بے گھر ہو گئے۔ اس دوران کئی متاثرین کےاہم کاغذات بھی بہہ گئے جن میں راشن کارڈ، انتخابی شناختی کارڈ، آدھار کارڈ اور بچوں کے پیدائش سرٹیفکیٹ شامل ہیں۔
تقریب کے دوران ضلعی صدر حافظ عبدالحفیظ نے تحصیلدار سنجے وا ركڑ سے متاثرہ خاندانوں کے کاغذات کی ازسرِنو بازیابی اور ضروری سرکاری امداد کے سلسلے میں فوری کارروائی کی درخواست کی۔ تحصیلدار سنجے وا ركڑ نے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "میں آپ کی تکالیف سمجھتا ہوں — جو بھی سرکاری کام ہو گا، آپ میرے پاس آئیں، میں ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی کوشش کرونگا۔” ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ متاثرین کی ضروری دستاویزات کی بحالی اور متبادل سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تعاون کرے گی۔
شرکائے تقریب نے جمعیۃ علماۓ ہند کی تیز اور مؤثر مدد کو سراہا اور کہا کہ تنظیم ہمیشہ ہر انسان کے دکھ درد میں شریک رہتی ہے۔ جہاں کہیں بھی آفت آتی ہے، جمعیۃ کے کارکن سب سے پہلے خدمتِ انسانیت کے لیے میدان میں آتے ہیں۔
تقریب کے آخر میں راشن کِٹس متاثرہ خاندانوں میں منظم طریقے سے تقسیم کی گئیں اور ضرورت مندوں کو طبی امداد، عارضی رہائش اور طبی معائنہ کے حوالے سے رہنمائی بھی دی گئی۔ منتظمین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ضرورت مند افراد کی نشاندہی میں تعاون کریں تاکہ امداد بروقت پہنچ سکے۔




