ناندیڑ میں گنج تا ناؤگھاٹ روڈ کی تعمیر کا مطالبہ، SDPI کا راستہ روکو احتجاج کا انتباہ،انتظامیہ نے کام کا آغاز کیا۔

ناندیڑ:یکم؍نومبر (راست) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) ناندیڑ کی جانب سے شہر کے پرانے علاقے میں ’’گنج تا ناؤگھاٹ روڈ‘‘ کی خستہ حالت کے پیشِ نظر فوری طور پر اس کی تعمیر کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ SDPI نے 27؍اکتوبر 2025 ءکو ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کو ایک محضر کے ذریعے آگاہ کیا کہ گنج تا ناؤگھاٹ روڈ گزشتہ کئی مہینوں سے بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، جس سے عام شہری، تاجر، طلبہ اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پارٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ سڑک پرانے گنج سے ناؤگھاٹ پل کے راستے سڈکو، ہڈکو اور وشنوپوری سرکاری دواخانہ تک جاتی ہے، جہاں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ آمد و رفت کرتے ہیں۔ مگر سڑک میں جگہ جگہ گہرے گڑھے، نالوں کا گندا پانی اور بدبو نے عوامی آمد و رفت دشوار بنا دی ہے۔SDPI کے ضلع صدر احمر ندیم نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے اس تعلق سے میونسپل کارپوریشن سے متعدد مرتبہ نمائندگی کی گئی، لیکن طویل عرصہ تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔
اس پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے SDPI نے انتباہ دیا تھا کہ اگر تین ہفتوں کے اندر تعمیراتی کام شروع نہیں کیا گیا تو ’’راستہ روکو‘‘ احتجاج کیا جائے گا۔دریں اثنا SDPI کے اس انتباہ اور عوامی دباؤ کے بعدابتدائی مرحلے میں ڈرینج کی لائن، سڑک کی مرمت، نالوں کی صفائی اور نکاسیٔ آب کے انتظامات کا مرحلہ وار آغاز کردیا ہے اور جلد ہی ناؤگھاٹ روڈ کی تعمیراتی کارروائی کا آغاز کردیا جائے گا۔ شہریوں نے SDPI کے بروقت اقدام اور انتظامیہ کے فوری ردِعمل کا خیرمقدم کیا ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ طویل عرصے سے زیرِ التوا یہ سڑک جلد از جلد مکمل کی جائے گی، جس سے عوام کو بڑی راحت ملے گی۔




