ارتقاء 2.0 سائنس اینڈ انویشن ایگزیبیشن کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر – 170 سے زائد سائنسی ماڈلز، 40 سے زیادہ اسکولوں کی شرکت، ہزاروں شہریوں کی غیر معمولی آمد


ناندیڑ، 26 نومبر 2025: اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا، ضلع ناندیڑ کے زیرِ اہتمام منعقدہ “ارتقاء 2.0 سائنس اینڈ انویشن ایگزیبیشن” شاندار کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔ نمائش میں 40 سے زائد سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی اداروں نے حصہ لیا جبکہ 170 سے زیادہ سائنسی، تکنیکی اور تحقیقی پروجیکٹس طلبہ نے پیش کیے، جنہیں زائرین کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔

ایک روزہ اس عظیم الشان سائنسی نمائش میں تقریباً 20 ہزار شہریوں، طلبہ، اساتذہ، والدین اور معززین نے شرکت کر کے نوجوان تخلیق کاروں کا حوصلہ بڑھایا۔ طلبہ نے فلکیات، ماحولیات، طبی سائنس، روبوٹکس، آٹومیشن، واٹر مینجمنٹ، ای آئی اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز پر مبنی ماڈلز اور تجربات پیش کیے جنہوں نے ہر عمر کے افراد کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔

ایگزیبیشن میں آنے والے ماہرینِ تعلیم اور سائنس دانوں نے طلبہ کی محنت، تحقیق اور پیش کردہ آئیڈیاز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ نمائش ناندیڑ کے تعلیمی ماحول میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ ثابت ہوگی۔ اس موقع پر SIO ناندیڑ کے ذمہ داران نے کہا کہ:
"اس نمائش کا مقصد طلبہ میں تحقیقی سوچ، سائنسی شعور، اخلاقی کردار اور سماجی خدمت کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ ناندیڑ کے نوجوانوں نے غیر معمولی جوش اور تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔”

نمائش میں شریک ہزاروں شہریوں نے اپنے تاثرات میں کہا کہ ارتقاء 2.0 نے نہ صرف بچوں کے اعتماد میں اضافہ کیا بلکہ شہر میں سائنسی ماحول بنانے کی ایک مضبوط بنیاد بھی فراہم کی ہے۔
SIO ناندیڑ نے تمام ذمہ داران، اسکول انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ، سرپرستوں اور عوام الناس کا اس تاریخی تعاون پر دل سے شکریہ ادا کیا اور وعدہ کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے معیاری، سائنسی اور تحقیقی پروگرامز کا سلسلہ جاری رہے گا۔





