ناندیڑ میں اسمارٹ میٹر تبدیل کے نام پر 2 سے 3 ہزار روپے کی غیر قانونی وصولی؛ شہریوں میں شدید ناراضی


ناندیڑ شہر میں مہا وِترن کی جانب سے گھروں پر اسمارٹ میٹر لگانے کا کام جاری ہے، تاہم اس دوران غیر قانونی پیسے وصولی کا سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق میٹر فٹنگ کرنے والے پرواٹے الیکٹریشن کئی گھروں میں جاکر مالکان سے 2 ہزار سے 3 ہزار روپے تک رقم طلب کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ الیکٹریشن گھر کے مالک کو ڈراتے ہیں کہ "آپ کا میٹر بند ہے… ہم صاحب کو نہیں بتاتے، 2 ہزار روپے دو، ورنہ آپ پر پینلٹی لگے گی۔” خوف کی وجہ سے کئی لوگ یہ رقم ادا کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔
شہریوں نے سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان پر فوری کارروائی ہونی چاہیے۔ جنہیں یہ ٹینڈر دیا گیا ہے، ان کمپنیوں یا ٹھیکے داروں کے خلاف بھی کارروائی لازمی ہے، کیونکہ میٹر تبدیل کرنے کے لیے صاف قوانین موجود ہیں۔

قواعد کے مطابق میٹر صرف گھر کے مالک کی موجودگی میں تبدیل کیا جانا چاہیے—پرانا میٹر نکال کر نیا میٹر لگانا اور نکالا ہوا پرانا میٹر باقاعدہ جمع کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ زبردستی گھر میں میٹر لگانا یا غیر ضروری بہانے بناکر پیسے وصول کرنا سراسر غیر قانونی ہے۔
شہریوں نے مہا وِترن اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر قانونی وصولی کو فوری روکا جائے اور ذمہ دار ملازمین و ٹھیکے داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔




