شہر

مہاراشٹر کی 29 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کا اعلان

15 جنوری کو ووٹنگ، 16 جنوری کو نتائج

ممبئی | نمائندہ
مہاراشٹر کی سیاست کے تناظر میں ایک نہایت اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ریاستی انتخابی کمیشن نے آج منعقدہ ایک اہم پریس کانفرنس میں ممبئی سمیت ریاست کی 29 میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابی پروگرام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

ریاست میں بلدیاتی اداروں کے انتخابات دو مرحلوں میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں نگر پریشد اور نگر پنچایتوں کے انتخابات مکمل کیے جا چکے ہیں، جن کے نتائج 21 دسمبر کو جاری کیے جائیں گے۔ اب دوسرے مرحلے میں میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کرائے جائیں گے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے ریاستی انتخابی کمیشن کو 31 جنوری 2026 سے قبل تمام بلدیاتی انتخابات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ اسی پس منظر میں انتخابی کمیشن نے دوسرے مرحلے کے انتخابات کا اعلان کیا ہے۔ کئی برسوں سے التوا کا شکار ان انتخابات کے اعلان سے ریاست میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آنے کا امکان ہے۔

ریاستی انتخابی کمیشن کے کمشنر دنیش واگھمارے نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 29 میونسپل کارپوریشنوں میں سے 27 کی میعاد پہلے ہی ختم ہو چکی ہے۔ بعض کارپوریشنوں کی مدت 2020 سے 2023 کے درمیان ختم ہوئی تھی، جبکہ جلنا اور اچلکرنجی نئی تشکیل شدہ میونسپل کارپوریشنیں ہیں، جنہیں بھی انتخابی عمل میں شامل کیا گیا ہے۔

ووٹنگ کے طریقۂ کار سے متعلق اہم معلومات

ممبئی میونسپل کارپوریشن میں یک رکنی وارڈ نظام ہونے کے باعث ہر ووٹر کو صرف ایک ووٹ دینا ہوگا۔ جبکہ باقی 28 میونسپل کارپوریشنوں میں کثیر رکنی وارڈ نظام نافذ ہوگا، جہاں ووٹروں کو 3 سے 5 امیدواروں کو ووٹ دینا ہوگا۔

انتخابی شیڈول
نامزدگی فارم داخل کرنے کی مدت: 23 تا 30 دسمبر 2025
نامزدگی فارموں کی جانچ: 31 دسمبر 2025
نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ: 2 جنوری 2026
انتخابی نشان الاٹمنٹ اور حتمی امیدواروں کی فہرست: 3 جنوری 2026
ووٹنگ: 15 جنوری 2026
ووٹوں کی گنتی اور نتائج: 16 جنوری 2026
ان میونسپل کارپوریشنوں میں ہوں گے انتخابات

ایم ایم آر خطہ:
ممبئی، نوی ممبئی، تھانے، کلیان-ڈومبیولی، وسئی-ویرار، بھیونڈی، میرا-بھائندر، الہاس نگر، پنویل

مغربی مہاراشٹر:
پونے، پمپری-چنچوڑ، کولہاپور، سانگلی، سولہاپور، اچلکرنجی

شمالی مہاراشٹر:
ناسک، اہلیانگر، دھولیہ، جلگاؤں، مالیگاؤں

مراٹھواڑہ:
چھترپتی سمبھاجی نگر، لاتور، ناندیڑ-واگھالا، پربھنی، جلنا

ودربھ:
ناگپور، اکولا، امراوتی، چندرپور

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!