پربھاگ نمبر11 میں نامزدگی پراعتراض، دن بھر کشمکش کے بعد کانگریس امیدوار زرین بیگم محمد رفیق باغبان کی امیدواری برقرار

پربھاگ نمبر 11 میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں اُس وقت سیاسی گہماگہمی اور کشیدگی دیکھنے میں آئی جب کانگریس پارٹی سے مجلس میں شمولیت اختیار کرنے والی ۔ مجلسِ اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) کی امیدوارباغبان آسیہ بیگم عبداللہ حبیب بگوان نے کانگریس پارٹی کی امیدوار بگوان زرین بیگم محمد رفیق باغبان کے نامزدگی کاغذات پر باضابطہ اعتراض داخل کیا۔ اس اعتراض کے بعد پورے دن سیاسی حلقوں میں بے چینی کی صورتحال بنی رہی اور دونوں جماعتوں کے کارکنان میں بحث و تکرار کا ماحول پیدا ہو گیا۔
اعتراض کی سماعت کے دوران انتخابی دفتر کے اطراف سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے۔ جیسے جیسے شام قریب آتی گئی، ویسے ویسے علاقے میں تناؤ بڑھتا گیا۔ کپش شندودن کیندر کے قریب کانگریس پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، جس کی وجہ سے حالات مزید حساس ہو گئے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور انتخابی عملہ موقع پر موجود رہا اور مسلسل حالات پر نظر رکھی گئی۔
کئی گھنٹوں کی جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی کے بعد آخرکار شام 7:30 بجے الیکشن افسر نے فیصلہ سناتے ہوئے کانگریس امیدوار زرین بیگم کی نامزدگی کو درست قرار دے دیا اور ان کی امیدواری کو بحال رکھنے کا اعلان کیا۔ اس فیصلے کے آتے ہی کانگریس کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کارکنان نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور پٹاخے پھوڑ کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
فیصلے کے بعد علاقے میں حالات بتدریج معمول پر آ گئے، تاہم سیاسی فضا بدستور گرم بنی ہوئی ہے۔ مقامی عوام اس پورے معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور آنے والے دنوں میں انتخابی مقابلہ مزید دلچسپ ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔




