ناندیڑمیں’پٹاخہ بلیٹ‘سمیت بے قابو ٹو وہیلرکےخلاف پولیس کی سخت کارروائی؛ 95 افراد کے خلاف مقدمات درج

ناندیڑ، نمائندہ: شہر ناندیڑ میں بڑھتی ہوئی بے قاعدہ اور لاپرواہ ڈرائیونگ کی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس نے 18 اور 19 فروری کو خصوصی مہم چلائی۔ اس مہم کے دوران تیز اور کرخت آواز والے موڈیفائیڈ سائلنسر (’پٹاخہ بلیٹ‘)، بغیر نمبر پلیٹ گاڑیاں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔
شہر کے مختلف پولیس تھانوں کی حدود میں مشترکہ چیکنگ کے دوران مجموعی طور پر 95 مقدمات درج کیے گئے اور متعلقہ موٹر سائیکلیں ضبط کر لی گئیں۔ خاص طور پر تہواروں کے پیش نظر امن و امان برقرار رکھنے کے مقصد سے یہ مہم شروع کی گئی تھی۔
مزید برآں، بھاگیہ نگر علاقے میں دو ڈی جے آپریٹروں کے خلاف مقدمات درج کر کے سازوسامان ضبط کیا گیا۔ ہوائی اڈہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں دو افراد کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پولیس انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون دیں۔
انتظامیہ کی جانب سے یہ بھی انتباہ دیا گیا ہے کہ آئندہ بھی اس نوعیت کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔




