مہاراشٹرا

جمعیۃ علماء گوونڈی کی جانب سے فلاحی خدمات کا جائزہ اور SIR میپنگ کیلئے لائحہ عمل طے

گوونڈی، ممبئی 21؍ اپریل جمعیۃ علماء گوونڈی کی جانب سے مسجد دارِ ارقم، روڈ نمبر 6، شیواجی نگر میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کی صدارت جمعیۃ علماء گوونڈی کے صدر حافظ شمس الحق صاحب نے فرمائی۔ اجلاس کا آغاز قاری یوسف صاحب کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد حافظ عصمت اللہ (امام، مدنی مسجد) نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ پاک کا نذرانہ پیش کیا۔

جمعیۃ علماء گوونڈی کے جنرل سیکریٹری مولانا صدرِ عالم قاسمی نے اجلاس کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے رمضان المبارک کے دوران صوبائی جمعیۃ کو مالی معاونت فراہم کرنے پر گوونڈی کے عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوامی اعتماد کا یہ اظہار ہم تمام ذمہ داران کے لیے باعثِ اطمینان اور حوصلہ افزا ہے۔ اس موقع پر رمضان کے موقع پر غریبوں اور بیواؤں میں راشن کٹس کی تقسیم کی تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

مولانا صدرِ عالم قاسمی نے جمعیۃ کے زیرِ انتظام چلنے والے اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر کی کارکردگی رپورٹ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ادارہ اپنی تمام تر کامیابیوں کے ساتھ فعالیت سے کام کر رہا ہے، جہاں بچیوں کے لیے کمپیوٹر، مہندی، سلائی، اور کیک میکنگ سمیت دیگر کورسز کامیابی سے جاری ہیں، جو کہ خود انحصاری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

مولانا نے حاضرین سے اپیل کی کہ ایس آئی آر کو ایک دینی اور ملی فریضہ کے طور پر انجام دیا جائے،اور اس کام کے لئے مختص سرکاری کارندوں (بی ایل اوز) کا ممکن تعاون کیا جائے۔ اس موضوع پر سابق صدرِ جمعیۃ مولانا محسن خان نے اپنے تجربات کی روشنی میں رہنمائی کی اور اس کام کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے محلہ کمیٹیاںتشکیل دینے کا مشورہ دیا، تاکہ نوجوانوں کی ایک فعال ٹیم کے ذریعے اسے زمینی سطح تک پہنچایا جا سکے۔

اجلاس میں موجود شرکاء نے بھی اپنے قیمتی خیالات کا اظہار کیا۔ جناب عمران صاحب نے SIR میپنگ کے حوالے سے تکنیکی معلومات فراہم کیں، جبکہ حافظ عبدالباری صاحب نے شرکاء کو پورے عزم و استقامت کے ساتھ اس مشن کو مکمل کرنے کی تلقین کی۔ اسی طرح مولانا اسعد قاسمی سلطانپوری، ڈاکٹر توفیق صاحب اور ماسٹر زین العابدین نے بھی اپنے مشوروں سے نوازا اور عملی جامہ پہنانے پر زور دیا۔
آخر میں ایس آئی آر کے عمل کو آسان و فعال بنانے کے لئے تجویز کے مطابق مسجد وار محلہ کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جن میں مختلف مساجد کے نوجوانوں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔ اجلاس کا اختتام مولانا مبارک صاحب قاسمی کی دعا پر ہوا۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!