اساتذہ اور والدین ایک دوسرے کے معاون ہے مقابل نہیں
بچوں کی تعلیم، تربیت، اخلاق و کردار سازی اور روشن مستقبل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔


از قلم: ہاشمی سید عبدالساجد سید عبدالوحید
مدرس، ریسرچ اسکالر دھرم آباد، ضلع ناندیڑ
موبائل نمبر:-9665710701
تعلیم و تربیت کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ ایک بہتر، مہذب اور باشعور معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ نئی نسل کو صرف کتابی علم ہی نہیں، بلکہ اخلاقی اقدار، سماجی شعور، ذمہ داری اور زندگی گزارنے کے سلیقے سے بھی آراستہ کیا جائے۔ اس عظیم مقصد کی تکمیل میں دو اہم کردار سب سے نمایاں ہیں: ایک استاد اور دوسرا والدین۔ دونوں کی منزل ایک، مقصد ایک اور کوششوں کا مرکز ایک ہی ہے، اور وہ ہے بچے کا روشن مستقبل۔
افسوس کہ بعض اوقات والدین اور اساتذہ کے درمیان غلط فہمیاں، غیر ضروری توقعات اور باہمی شکایات ایسی صورت اختیار کرلیتی ہیں کہ دونوں ایک دوسرے کے معاون بننے کے بجائے ایک دوسرے کے مقابل کھڑے نظر آتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس سوچ کو تبدیل کیا جائے اور یہ حقیقت تسلیم کی جائے کہ استاد اور والدین ایک دوسرے کے حریف نہیں، بلکہ بچے کی کامیاب زندگی کے دو اہم ستون ہیں۔
*تعلیم و تربیت مشترکہ ذمہ داری ہے:-*
ہر والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کا بچہ تعلیم میں نمایاں مقام حاصل کرے، اچھے نمبرات سے کامیاب ہو اور مستقبل میں ایک کامیاب انسان بنے۔ اسی طرح ہر مخلص استاد کی بھی یہی کوشش ہوتی ہے کہ اس کے زیرِ تعلیم بچے نہ صرف تعلیمی میدان میں ترقی کریں بلکہ اچھے اخلاق، بہتر کردار اور مثبت سوچ کے حامل بھی بنیں۔
لیکن سوال یہ ہے کہ کیا بچے کی مکمل تعلیم و تربیت صرف اسکول کی ذمہ داری ہے؟ یقیناً نہیں! اسکول میں استاد بچے کی تعلیمی رہنمائی، علمی صلاحیتوں کی نشوونما اور اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جبکہ گھر میں والدین اس کی عادات، رویوں، کردار اور عملی زندگی کی بنیاد مضبوط کرتے ہیں۔
اگر استاد اسکول میں بچے کو نظم و ضبط، وقت کی پابندی، صفائی، احترام اور اچھے اخلاق کی تعلیم دے اور گھر میں والدین بھی ان اقدار کو فروغ دیں تو بچے کی شخصیت بہتر انداز میں پروان چڑھتی ہے۔ لیکن اگر اسکول اور گھر کا ماحول ایک دوسرے سے متضاد ہو تو بچے کی تربیت متاثر ہوسکتی ہے۔
اس لیے والدین اور اساتذہ کے درمیان مسلسل رابطہ، اعتماد اور باہمی تعاون بے حد ضروری ہے۔
*شکایت اور الزام تراشی کے بجائے تعاون کو فروغ دیں:-*
اکثر دیکھا جاتا ہے کہ جب بچے کی تعلیمی کارکردگی کمزور ہوتی ہے تو والدین اسکول یا استاد کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں، جبکہ بعض اوقات اساتذہ بچوں کی کمزوریوں کا سبب والدین کی عدم توجہی کو قرار دیتے ہیں۔ اس طرح مسئلے کا حل تلاش کرنے کے بجائے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔
ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ کسی بچے کی تعلیمی یا اخلاقی کمزوری کو دور کرنے کے لیے الزام تراشی نہیں، بلکہ مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
اگر استاد بچے کی کسی غلطی کی نشاندہی کرتا ہے یا اس کے رویے میں اصلاح کی کوشش کرتا ہے تو والدین کو چاہیے کہ وہ استاد کی بات کو مثبت انداز میں لیں اور اس اصلاح میں اپنا تعاون پیش کریں۔ اسی طرح اگر والدین بچے کی کسی عادت، مشکل یا تعلیمی کمزوری کی طرف توجہ دلائیں تو استاد کو بھی اسے شکایت سمجھنے کے بجائے رہنمائی کا ایک ذریعہ سمجھنا چاہیے۔
یاد رکھیے! استاد اور والدین کے درمیان اختلافات کا نقصان کسی اور کو نہیں، بلکہ براہِ راست بچے کو پہنچتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ دونوں ایک دوسرے کی عزت، تجربے اور ذمہ داریوں کا احترام کریں۔
*بچوں کو صرف پڑھائی نہیں، کھیل اور آرام بھی چاہیے:-*
موجودہ دور میں بچوں کی تعلیمی مصروفیات میں غیر معمولی اضافہ ہوچکا ہے۔ صبح اسکول، اسکول کے بعد ٹیوشن، مختلف تعلیمی کلاسز، آن لائن سرگرمیاں اور پھر گھر آکر ہوم ورک۔ اس مسلسل مصروفیت میں اکثر بچوں کے پاس کھیلنے، آرام کرنے اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے مناسب وقت باقی نہیں رہتا۔
والدین اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں، لیکن اس دوران انہیں بچوں کی جسمانی اور ذہنی ضروریات کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے۔
کھیل محض تفریح یا وقت گزاری کا ذریعہ نہیں، بلکہ بچوں کی جسمانی نشوونما، ذہنی تازگی، خوداعتمادی، باہمی تعاون، برداشت اور سماجی تربیت کا ایک اہم وسیلہ ہے۔ کھیل کے میدان میں بچہ جیتنے کے ساتھ ہارنا، اپنی باری کا انتظار کرنا، دوسروں کے ساتھ مل کر کام کرنا اور مشکلات کا سامنا کرنا بھی سیکھتا ہے۔
افسوس کہ موبائل فون، ٹیلی ویژن اور مسلسل تعلیمی مصروفیات نے بچوں کو آؤٹ ڈور کھیلوں سے بڑی حد تک دور کردیا ہے۔ اس لیے والدین اور اساتذہ دونوں کو چاہیے کہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کے کھیل، آرام اور تفریح کے لیے بھی مناسب وقت کی اہمیت کو سمجھیں۔
*ہوم ورک ہی تعلیم کا واحد معیار نہیں:_*
ایک استاد کی حیثیت سے یہ بات عرض کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ ہوم ورک تعلیم کا ایک حصہ ضرور ہے، لیکن ہوم ورک ہی مکمل تعلیم نہیں ہے۔ مؤثر تدریس کے لیے کتابی تعلیم کے ساتھ کھیل، عملی سرگرمیاں، مشاہدہ، سوال و جواب اور دلچسپ طریقۂ تدریس بھی بے حد ضروری ہیں۔
کبھی استاد کھیل کے ذریعے بچوں کو کوئی مشکل تصور سمجھاتا ہے، کبھی سرگرمیوں کے ذریعے سبق یاد کرواتا ہے اور کبھی ایسا دوستانہ ماحول پیدا کرتا ہے جس میں بچے خوشی خوشی سیکھتے ہیں۔ ایسے وقت میں اگر ایک دن ہوم ورک کم ہوجائے تو ضروری نہیں کہ بچے نے کچھ نہیں سیکھا۔
بعض اوقات کھیل اور عملی سرگرمیوں کے ذریعے حاصل ہونے والا علم زیادہ دیرپا اور مؤثر ثابت ہوتا ہے۔
لہٰذا والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ صرف ہوم ورک کی مقدار سے نہ لیں، بلکہ یہ بھی دیکھیں کہ بچہ کیا سمجھ رہا ہے، کیا سیکھ رہا ہے اور اپنی سیکھی ہوئی باتوں کو عملی زندگی میں کس طرح استعمال کررہا ہے۔ اسی طرح اساتذہ کو بھی والدین کے تعلیمی توقعات اور بچوں کی گھریلو مصروفیات کو سمجھتے ہوئے مناسب تعلیمی رہنمائی فراہم کرنی چاہیے۔
*بچوں کا موازنہ نہیں، حوصلہ افزائی کیجیے:-*
بچوں کی شخصیت سازی میں والدین اور اساتذہ دونوں کا رویہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ اکثر بچوں کا موازنہ پڑوسیوں، رشتہ داروں یا ہم جماعتوں سے کیا جاتا ہے۔ کبھی کسی کے زیادہ نمبر اور کبھی کسی کی بہتر کارکردگی کو بنیاد بناکر بچے کو احساسِ کمتری میں مبتلا کردیا جاتا ہے۔
ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ہر بچہ اپنی صلاحیت، دلچسپی، ذہنی استعداد اور سیکھنے کی رفتار کے اعتبار سے منفرد ہوتا ہے۔ ضروری نہیں کہ ہر بچہ ایک ہی رفتار سے ترقی کرے یا ہر میدان میں یکساں مہارت رکھتا ہو۔
والدین اور اساتذہ کو چاہیے کہ وہ بچے کا موازنہ دوسروں سے کرنے کے بجائے اس کی اپنی گزشتہ کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کریں۔ حوصلہ افزائی کے چند الفاظ بچے کے اندر اعتماد پیدا کرتے ہیں اور اسے ناکامی سے گھبرانے کے بجائے دوبارہ کوشش کرنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔
*والدین بچوں کو اپنا قیمتی وقت دیں:-*
آج ہم اپنے بچوں کی تعلیم پر پیسہ خرچ کرنے کے لیے تو تیار ہیں، انہیں اچھے اسکولوں میں داخل کرواتے ہیں، ٹیوشنز اور مختلف سرگرمیوں میں مصروف رکھتے ہیں، لیکن ان کے اخلاق و کردار کو سنوارنے اور انہیں ایک اچھا انسان بنانے کے لیے اپنا قیمتی وقت دینے سے کہیں نہ کہیں قاصر رہ جاتے ہیں۔
والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی روزمرہ مصروفیات میں سے کچھ وقت بچوں کے لیے ضرور نکالیں۔ والد اپنے فارغ اوقات محض دوستوں کی محفلوں یا غیر ضروری مصروفیات میں گزارنے کے بجائے بچوں کے ساتھ وقت گزاریں، انہیں اپنے ساتھ باہر لے جائیں، ان کے ساتھ گھومیں پھریں، ان کی باتیں سنیں اور ان کے سوالات کے جواب دیں۔
اسی طرح والدہ بھی بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ان کی اخلاقی اور معاشرتی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ بچوں کو خاندان، رشتہ داروں، بزرگوں اور معاشرتی ماحول سے روشناس کروائیں۔
بچوں کو صرف مادی سہولتیں فراہم کرنا کافی نہیں، انہیں والدین کی محبت، توجہ، صحبت اور عملی رہنمائی بھی درکار ہوتی ہے۔ یہ ذمہ داری صرف ماں یا باپ میں سے کسی ایک کی نہیں، بلکہ دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
*اخلاقی و معاشرتی تربیت کو نظر انداز نہ کریں:-*
ہم بچوں کو پڑھنا، لکھنا، اچھے نمبر حاصل کرنا اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا تو سکھاتے ہیں، لیکن والدین کا احترام، بڑوں کی عزت، چھوٹوں سے شفقت، پڑوسیوں کے حقوق، رشتوں کی اہمیت، برداشت، سچائی، صبر اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے کے لیے بھی وقت دینا ضروری ہے۔
بچوں کی تربیت صرف اسکول کی چار دیواری میں مکمل نہیں ہوتی۔ گھر کا ماحول، والدین کی صحبت، خاندان کے بزرگوں کی رہنمائی اور معاشرتی میل جول بھی ان کی شخصیت سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
بچے نصیحت سے زیادہ عملی نمونوں سے سیکھتے ہیں۔ اگر والدین خود بڑوں کا احترام کریں، سچ بولیں، دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک کریں اور اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے ادا کریں تو بچے بھی ان عادات کو اپنی زندگی کا حصہ بناتے ہیں۔
اسی طرح استاد کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کے اندر علم کے ساتھ اخلاق، برداشت، نظم و ضبط، تعاون اور انسانیت کا جذبہ بھی پیدا کرے۔
*بچوں کے احساسات کو سمجھیں، ان سے گفتگو کریں:-*
والدین اور اساتذہ دونوں کو بچوں کے جذبات اور احساسات کو اہمیت دینی چاہیے۔ والدین بچوں سے صرف یہ نہ پوچھیں کہ آج کتنے نمبر آئے یا کتنا ہوم ورک مکمل کیا؟ بلکہ کبھی یہ بھی دریافت کریں کہ آج اسکول میں کیا نیا سیکھا؟ کس بات سے خوشی ہوئی؟ کسی مشکل کا سامنا تو نہیں کرنا پڑا؟ کسی دوست کی مدد کی یا کسی نے تمہاری مدد کی؟
اسی طرح استاد کو بھی بچوں کی انفرادی صلاحیتوں، دلچسپیوں اور مشکلات کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
بچوں کو اپنی بات کہنے کا موقع دینا، ان کے سوالات کو توجہ سے سننا اور ان کی چھوٹی چھوٹی کامیابیوں کی تعریف کرنا ان کی شخصیت میں اعتماد پیدا کرنے کے مؤثر طریقے ہیں۔
*آئیے! ایک دوسرے کا ہاتھ تھامیں:-*
آج ضرورت اس بات کی ہے کہ والدین اور اساتذہ اپنی اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کا رشتہ مضبوط کریں۔ والدین اسکول کے معاملات میں دلچسپی لیں، اساتذہ سے رابطہ رکھیں، بچوں کی تعلیمی پیش رفت معلوم کریں اور ان کی اصلاح و تربیت میں اپنا کردار ادا کریں۔ اسی طرح اساتذہ بھی والدین کی رہنمائی کریں، بچوں کی خوبیوں اور کمزوریوں سے انہیں آگاہ کریں اور بچے کے بہتر مستقبل کے لیے مشترکہ لائحۂ عمل اختیار کریں۔
ہمیں ایسا تعلیمی و تربیتی ماحول تشکیل دینا ہوگا جہاں بچے صرف امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے تیار نہ ہوں، بلکہ زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے، دوسروں کے حقوق کا احترام کرنے، اپنی ذمہ داریاں نبھانے اور معاشرے کے لیے مفید انسان بننے کے قابل بھی ہوں۔
آخر میں یہی کہنا چاہوں گا کہ استاد اور والدین دونوں ایک ہی مقصد کے مسافر ہیں۔ اگر منزل ایک ہے تو راستے میں ایک دوسرے کے مقابل کھڑے ہونے کے بجائے ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنا ضروری ہے۔
والدین گھر میں تربیت کا چراغ روشن کریں اور اساتذہ اسکول میں علم و شعور کی روشنی پھیلائیں۔ جب گھر اور اسکول کی کوششیں یکجا ہوں گی، تبھی ایک تعلیم یافتہ، مہذب، صحت مند اور باکردار نسل پروان چڑھے گی۔
یاد رکھیے! بچے صرف پڑھنے کے لیے نہیں، بلکہ زندگی جینے کے لیے بھی تیار کیے جاتے ہیں۔ ان کی تعلیم ہماری ذمہ داری، ان کی تربیت ہماری امانت اور ان کا روشن مستقبل ہماری مشترکہ جدوجہد کا مقصد ہے۔
کیونکہ استاد اور والدین ایک دوسرے کے مقابل نہیں، بلکہ ایک دوسرے کے معاون ہیں؛ اور بچے کا روشن مستقبل اسی باہمی تعاون میں پوشیدہ ہے۔




