یونیفارم سول کوڈ (UCC) بیداری مہم کے تحت جمعیۃ علماء ضلع پربھنی کی ہمہ جہت سرگرمیاں

مولانا حلیم اللہ قاسمی کا علماء و ائمہ کی خصوصی نشست سے خطاب، شہر کی مساجد میں جمعہ کے خطبات اور عوامی بیداری مہم جاری
ممبئی 18؍نومبر جمعیۃ علماءمہاراشٹر کی جانب سے جاری یکساں سول کوڈ (Uniform Civil Code) بیداری مہم کے تحت جمعیۃ علماء ضلع پربھنی کی جانب سے گزشتہ جمعہ سے شہر پربھنی میں مختلف اصلاحی، علمی اور عوامی بیداری کی سرگرمیاں منظم انداز میں شروع کی گئیں۔ شہر کے علماء کرام،مفتیان عظام، ائمہ مساجد اور دانشورانِ قوم کی ”یکساں سول کوڈ اور ہماری ذمہ داریاں“ کے عنوان سے مسجد قرطبہ، ڈاکٹر ذاکر حسین کیمپس، پربھنی میں ایک خصوصی نشست منعقد کی گئی۔ اس نشست میں مولانا حلیم اللہ قاسمی ، صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر، نے نہایت جامع، مدلل اور فکر انگیز خطاب فرمایا۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے اپنے خطاب میں علماء و ائمہ کی دینی و ملی ذمہ داریوں کو واضح کرتے ہوئے خلیفۂ اول حضرت ابوبکر صدیق ؓ کے اس تاریخی اور ایمان افروز عزم کا حوالہ دیا، جو آپؓ نے منکرینِ زکوٰۃ کے خلاف اپنے موقف کے اظہار کے موقع پر فرمایا تھا:”أَيُنْقَصُ الدِّينُ وَأَنَا حَيٌّ؟“یعنی کیا میرے جیتے جی دین میں کمی کی جائے گی؟
مولانا نے اس تاریخی جملے کی روشنی میں علماء و ائمہ کو متوجہ کیا کہ حضرت ابوبکر صدیق ؓ کی یہ عظیم دینی غیرت اور استقامت ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلاف کی دینی وراثت کو سنبھالتے ہوئے شریعت کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کریں۔ اور ہم سب کے اندر ہمیشہ یہ جذبہ موج زن رہے کہ ہمارے جیتے جی شریعت کے بنیادی احکام میں ایسی تبدیلی نہ ہو جو مداخلت فی الدین کے زمرے میں آتی ہو۔
مولانا نے یکساں سول کوڈ (UCC) کے پس منظر، اس کے مختلف پہلوؤں اور اس کے ممکنہ اثرات کو نہایت واضح اور آسان انداز میں سمجھایا اور اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں علماء، ائمہ مساجد اور دانشورانِ قوم کو خود بھی اس مسئلے کی مکمل واقفیت ہونی چاہیے اور عوام الناس تک صحیح معلومات پہنچانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
ساتھ ہی جمعیۃ علماء ضلع پربھنی کی جانب سے عوامی سطح پر بیداری پیدا کرنے کے لیے بھی منظم اقدامات کیے گئے۔ اس ضمن میں ”یکساں سول کوڈ اور ہماری ذمہ داریاں“ کے عنوان سے ایک جامع خطبۂ جمعہ مرتب کرکے شائع کیا گیا، تاکہ ائمہ مساجد اور خطباء حضرات اس اہم موضوع پر عوام کی رہنمائی کرسکیں۔اس خطبہ کو شہر پربھنی کی اکثر مساجد میں خطباء و ائمہ کرام تک جمعیۃ علماء کے ذمہ داران نے خصوصی طور پر پہنچایا اور جمعہ کے موقع پر عوام الناس کو یکساں سول کوڈ کے مفہوم، اس کے ممکنہ دینی و سماجی نقصانات، شریعتِ اسلامیہ سے اس کے تعلق اور آئینِ ہند میں حاصل مذہبی آزادی کے حوالے سے آگاہ کرنے کی اپیل کی۔ ساتھ ہی عوام کو اس بات سے بھی واقف کرایا گیا کہ یکساں سول کوڈ کے سلسلے میں اپنی تشویش اور مخالفت کی رائے جمہوری و آئینی طریقہ پر حکومتِ مہاراشٹر تک کس طرح پہنچائی جا سکتی ہے۔
اس مقصد کے لیے عوام کو متعلقہ سرکاری ذرائع اور مقررہ طریقۂ کار کے ذریعے اپنی رائے درج کرانے کی جانب متوجہ کیا گیا، تاکہ ہر شہری اپنے آئینی حق کو سمجھتے ہوئے ذمہ دارانہ انداز میں اپنا موقف پیش کرسکے۔ اسی بیداری مہم کے تحت جمعہ کے موقع پر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے ملا مسجد، پربھنی میں نمازِ جمعہ سے قبل خصوصی خطاب فرمایا، جس میں مولانا نے یکساں سول کوڈ کے مختلف پہلوؤں، شریعتِ اسلامیہ کے تحفظ اور موجودہ حالات میں مسلمانوں کی دینی و ملی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔بڑی تعداد میں عوام الناس نے اس خطاب سے استفادہ کیا۔
اس طرح کی تفصیل قاری عبد الرشید حمیدی نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے پریس نوٹ کے ذریعہ جاری کی۔




